پاکستان کی جانب سے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی راستے بند کیے جانے کے بعد بھارتی ایئر لائنز کی پروازیں ایک کے بعد ایک منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی ایندھن کی کمی کا شکار ہو گئیں۔ شام 6 بجے فضائی حدود بند ہوتے ہی شارجہ سے امرتسر جانے والا طیارہ تربت کے قریب پہنچنے سے پہلے ہی واپس موڑ دیا گیا۔
صورتحال ایسی بنی کہ بھارتی طیاروں کو دنیا بھر کے ایئرپورٹس پر ہنگامی طور پر اترنا پڑا۔ ایک فلائٹ کو خلیجِ عمان عبور کرنے کے بعد ایندھن کے لیے احمد آباد میں اتارنا پڑا، جبکہ ٹورنٹو سے دہلی جانے والا جہاز کوپن ہیگن میں لینڈ کر گیا تاکہ دوبارہ ایندھن بھرا جا سکے۔
ادھر پیرس سے دہلی کی پرواز کو ابوظہبی میں رکنا پڑا، جبکہ لندن سے دہلی آنے والے طیارے نے بھی ابوظہبی میں ہنگامی اسٹاپ لیا۔
پاکستان کی فضائی حدود کے بند ہونے سے بھارت کے طویل سفر کی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں، اور ایئر لائنز کو نہ صرف تاخیر بلکہ اضافی اخراجات کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔ اس وقت بھارت کو اپنی پروازیں بحال رکھنے کے لیے متبادل راستے تلاش کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔