پنجاب کے عوام کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 2 اچھی خبروں کا اعلان کیا گیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نئی ایئرلائن چلانے کے لیے تیار ہے جب کہ لاہور تا راولپنڈی بلٹ ٹرین بھی چلائی جائے گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں 2 بڑی خوشخبریاں ہیں۔ صوبائی حکومت ائیر پنجاب چلانے کے لیے تیار ہے۔ ایئرپنجاب میں 4 طیارے لیز پر لیے جائیں گے۔ ابتدائی طور پر اندرون ملک اور ایک سال کے بعد بین الاقوامی ایئر کا لائسنس مل جاتا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ اسی طرح لاہور تا راولپنڈی بلٹ ٹرین بھی چلائی جائے گی۔ یہ پاکستان کی پہلی بلٹ ٹرین اپنا سفر 2 گھنٹے 20 منٹ میں مکمل کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر میں مختلف بلٹ ٹرین روٹس بنائے جائیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ کی پہلی صوبائی حکومت ہے جو اپنی ایئرلائن کا اعلان کررہی ہے، اسی طرح صوبے میں ہائی اسپیڈ ٹرین چلائیں گے۔ گلاس ٹرین راولپنڈی سے مری تک چلائی جائے گی۔
پاک بھارت صورت حال پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پہلگام میں افسوس ناک واقعے میں بے گناہ شہری ہلاک ہوئے جس پر پاکستانی لیڈر شپ نے اظہار ہمدردی اور واقعے کی مذمت بھی کی۔ پہلگام سے پہلے جعفر ایکسپریس واقعہ ہوا تو آج تک بھارت کی جانب سے کوئی مذمت نہیں کی گئی۔ اس واقعے میں یرغمالیوں کو پاک افواج نے چند گھنٹوں میں بازیاب کروا کر دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے پر بھارت نے ڈرامائی انداز اپنایا، جب کہ پاکستان میں جعفر ایکسپریس حملے میں واکی ٹاکی اور دیگر ثبوتوں کے باوجود پاکستان نے غیر ذمے دارانہ بیان نہیں دیا۔ آج تک جعفر ایکسپریس واقعے کو قوم بھلا نہیں سکتی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پہلگام واقعے کا پاکستان سے کوئی لینا دینا نہیں، بغیر تحقیقات کے فوراً پاکستان پر الزام لگانا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ یہ پورا سوچا سمجھا پلان ہے۔ بھارتی فوج کو عادت ہے الزام تراشی کی، اس لیے اس بار نیا پلان پاکستان کے خلاف بنایا گیا۔
صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس بار ٹورسٹ کا بہانہ بناکر پاکستان کو واقعے میں ملوث کرنے کی کوشش کی۔ کشمیر جنت نظیر ہے، اس واقعے سے وہاں کے باسیوں کے کاروبار کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ فائرنگ کے 10 منٹ کے بعد مقدمہ درج ہوجاتا ہے، فاصلہ کئی کلومیٹر ہے تو جیٹ طیارے پر بھی مقدمہ نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ تمام بھارتی ایجنسیوں، 7 لاکھ فوج جس کا کام کشمیریوں کی زندگی حرام کرنا ہے، کشمیری جوانوں و خواتین کو قتل کرنا ہے، پھر یہ سب بھارتی ایجنسیاں کدھر ہیں؟۔ بھارتی خوف کا عالم یہ ہے حکومت پاکستان کا ایکس اکاؤنٹ ہی بند کر دیا پھر ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ فوجی جوان جذبہ شہادت لے کر وردی پہنتے ہیں، ان کے فوجی تو بھوکے مرتے ہیں۔ مودی اپنی تقریروں میں بار بار کہہ رہے پاکستان کا پانی روکنا ہے کہہ رہے پوری پلاننگ ہو رہی ہے بھارت کا پانی واپس لاکر دوں گا۔ مودی نے بھارتی شہریوں کو گولی مروانے کے بعد سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا، اپوزیشن سے بھی مشاورت نہیں کی۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم نےسلامتی کمیٹی کی میٹنگ بلائی ہو یا کوئی بھی سیاسی مخالف ہو، سب پاکستان پر متحد ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ مودی کی پکوڑے کی دکان یا چائے کا ٹھیلہ نہیں، مودی شاپر میں پانی نہیں روک سکتے۔ سندھ طاس معاہدہ گیدڑ بھبکی کے سوا کچھ نہیں۔ مودی عالمی دہشت گرد ہے وہ جب بھی اقتدار میں آ تا ہے تو دنیا میں حالات خراب ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت دھمکیاں دے رہا ہے تو پاکستانی قوم اس کا مذاق اڑا رہی ہے۔ اگر ریاست جہاد کا اعلان کرے تو پھر سب فوجی جوان ہوتے ہیں یہ سب کچھ بھارت کو کئی بار کرکے دکھایا ہے۔ بھارت نے 5 ایٹمی دھماکے کیے تو نوازشریف نے 6 ایٹمی دھماکے کیے تھے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جنگیں ہتھیاروں سے نہیں جذبہ شہادت سے لڑی جاتی ہیں۔ہم پرامن ملک ہیں کسی سے جنگ یا حالات خراب نہیں کرنا چاہتے اگر کسی نے جنگ کی تو ختم خود کریں گے۔