سجل ملک نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں عمران اشرف سے رشتے داری کا دعویٰ کرکے سب کو حیران کردیا اور بتایا کہ انہوں نے کیریئر کے آغاز میں عمران اشرف سے مدد بھی مانگی تھی۔ ٹک ٹاکر و ٹی وی میزبان سجل ملک نے انکشاف کیا ہے کہ معروف اداکار و ٹی وی میزبان عمران اشرف ان کے رشتے دار ہیں۔
سجل ملک کا کہنا تھا کہ جب وہ یونیورسٹی میں پڑھتی تھیں، تب انہوں نے عمران اشرف کو پہلی بار انسٹاگرام پر میسیج بھیج کر شوبز میں کام دلوانے سے متعلق کہا تھا۔ ان کے مطابق عمران اشرف کو رشتے داری سے متعلق علم نہیں تھا، ان کے پوچھنے پر انہون نے انہیں بتایا کہ وہ ان کی رشتے دار ہیں۔ سجل ملک کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران اشرف کو اپنی والدہ کی تصویر بھیجی اور بتایا کہ وہ ان کی بیٹی ہیں۔
ٹک ٹاکر کے مطابق عمران اشرف ان کی والدہ کے کزن ہیں لیکن ان کی اداکار سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔ سجل ملک کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے ماموں سے عمران اشرف کا فون نمبر لے کر ان سے فون پر بات بھی کی تھی اور ان سے شوبز میں کام دلوانے کے لیے بھی کہا تھا، جس پر عمران اشرف نے انہیں اچھا جواب دے کر کہا تھا کہ وہ انہیں ضرور موقع دلوائیں گے۔
ٹک ٹاکر نے بتایا کہ یونیورسٹی میں تعلیم کے دوران انہوں نے جس انسٹاگرام اکاؤنٹ سے عمران اشرف کو میسیج کیا تھا، وہ اکاؤنٹ بعد میں ہیک ہوگیا، کسی لڑکے نے ہیک کرکے اس پر اپنی تصویر لگادی، جس کے بعد انہوں نے نیا اکاؤنٹ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے عمران اشرف کو شوبز میں کام کا موقع دلوانے کا کہا تھا، اس وقت عمران اشرف بھی اتنے زیادہ مقبول نہیں تھے لیکن اس کے باوجود انہوں نے انہیں اچھی طرح جواب دیا اور ان کا خیال رکھا۔
سجل ملک کے مطابق ان کے لیے خوشی کی بات ہے کہ ان کے خاندان کا کوئی شخص اتنا مقبول ہے اور یہ کہ اگر عمران اشرف انہیں پروگرام میں مدعو کریں گے تو وہ ضرور جائیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عمران اشرف براہ راست ان کا رشتے دار نہیں بلکہ ان کی والدہ کا کزن ہے، وہ اداکار سے آج تک نہیں ملیں، البتہ فون اور انسٹاگرام پر بات ضرور ہوئی ہے۔