پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے شیڈول میں رد و بدل پر غور شروع کردیا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل براڈکاسٹرز نے ملتان میں شیڈول 2 میچز کو ری شیڈول کروانے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ ہونے کی صورت میں یکم اور 10 مئی کے میچز کو ری شیڈول کیا جاسکتا ہے۔
میچز کو ری شیڈول کرنے کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کوئی علامیہ جاری نہیں کیا گیا ہے۔
قبل ازیں گزشتہ روز پہلگام واقعہ کے بعد پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے سبب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں موجود بھارتی براڈکاسٹرز کو واپس انکے وطن بھیج دیا گیا تھا۔
دوسری جانب گزشتہ دنوں بھارت میں پہلگام واقعے کے بعد اسپورٹس اسٹریمنگ چینل فینکوڈ نے ہندوستان میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی لائیو اسٹریمنگ کو معطل کرتے ہوئے ٹورنامنٹ سے متعلق ویڈیوز اور میچز کی جھلکیاں بھی ہٹادیں تھی۔