جنوبی وزیرستان: امن کمیٹی کے دفتر کے قریب دھماکا، 6 افراد جاں بحق

سچ ٹی وی  |  Apr 28, 2025

خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کی تحصیل وانا میں دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکا مقامی امن کمیٹی کے رکن کے دفتر میں ہوا ہے، دھماکے سے دفتر منہدم ہوگیا، ملبے سے لوگوں کو نکالا گیا، جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے، ملزمان کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں اور مقامی لوگ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے، اور زخمیوں کو نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کیں، پولیس ذرائع کے مطابق ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

دوسری جانب بنوں میں تھانہ بکاخیل پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا، پولیس کی بروقت اور فوری کارروائی پر دہشتگرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق جدید تھرمل کیمروں سے 20 سے 25 دہشتگردوں کی نقل وحرکت مانیٹر کی گئی، دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، علاقے میں دہشتگردوں کی تلاش کےلیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں میں بکا خیل تھانے پرخوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس کو خراج تحسین کیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بکا خیل پولیس کی بہادری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ پولیس کے جوانوں نے بروقت کارروائی کرکے خوارجیوں کا حملہ پسپا کیا، خوارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے والے پولیس جوان قوم کے ہیرو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بکا خیل پولیس کے جوانوں کی جرات پر فخر ہے، کے پی کے پولیس شاباش کی مستحق ہے، پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More