وزیر اعظم سے چینی سفیر کی ملاقات، پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان

سچ ٹی وی  |  May 01, 2025

پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کے دوران چین نے پاکستان کی بھرپور حمایت کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی، شہباز شریف نے چینی صدر اور وزیر اعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور موجودہ صورتحال میں پاکستان کی حمایت پر چین کا شکریہ ادا کیا۔ چین کے سفیر نے پاکستان کے نقطہ نظر اور حقائق سامنے رکھنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے اقدامات ہماری توجہ کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف کوششوں سے ہٹا سکتے ہیں۔ یہ گروپ افغانستان کے اندر سے کام کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کا پانی کو جارحیت کے لیے بطور ہتھیار استعمال کرنے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے، سندھ طاس معاہدے کے تحت کسی فریق کو یکطرفہ معاہدے سے انحراف کا حق نہیں، جموں و کشمیرتنازع کا پرامن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نےدہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کی ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چین جنوبی ایشیا میں امن کے لیے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کرےگا۔

وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں پاکستان کی حمایت اور پہلگام واقعے کی بین الاقوامی تحقیقات کے لیے پیشکش کی توثیق پر چین کا شکریہ ادا کیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More