پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 23 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو دو وکٹوں سے شکست دے دی۔
سنیچر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں 158 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 ویں اوور کی پانچویں گیند پر آٹھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی آخری اوور میں ناقص فیلڈنگ کی وجہ سے میچ کا پانسہ کوئٹہ کے حق میں پلٹا۔ اسلام آباد کے فیلڈرز نے آخری اوور میں تین کیچز ڈراپ کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے حسن نواز 64 رنزبنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
ان کے علاوہ رائلی روسو 27، فن ایلن 20، محمد وسیم جونیئر 16، حسیب اللہ سات، کپتان سعود شکیل سات، فہیم اشرف چھ، کائل جیمیسن تین اور مارک چیپمن دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ابرار احمد صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ اور سلمان ارشاد نے دو، دو جبکہ محمد نواز، سلمان آغا اور جیسن ہولڈر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد نواز 49 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان 39، کائل میئرز 22، حیدر علی 10، کولن منرو نو، اینڈریز گوس آٹھ اور نسیم شاہ ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ جیسن ہولڈر 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
محمد شہزاد اور سلمان علی آغا بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فہیم اشرف نے چار وکٹیں حاصل کی (فوٹو: پی ایس ایل)
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فہیم اشرف نے چار جبکہ سعود شکیل، خرم شہزاد، ابرار احمد اور کائل جیمیسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان آج کے میچ میں ٹیم کو دستیاب نہیں، وہ گروئن انجری کے باعث آرام کر رہے ہیں اور ان کی جگہ سلمان علی آغا ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔
اس میچ کے بعد پی ایس ایل 10 کے پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر آ گئی ہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم
اس میچ میں سعود شکیل (کپتان)، ابرار احمد، حسن نواز، حسیب اللہ خان (وکٹ کیپر)، مارک چیپمن، رائلی روسو، کائل جیمیسن، محمد وسیم، فہیم اشرف، خرم شہزاد اور فن ایلن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم
اس میچ میں سلمان علی آغا (کپتان)، کائل میئرز، صاحبزادہ فرحان، کولن منرو، اینڈریز گوس (وکٹ کیپر)، حیدر علی، جیسن ہولڈر، محمد نواز، محمد شہزاد، نسیم شاہ اور سلمان ارشاد اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ تھے۔