پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ’بزدل دشمن انڈیا نے پاکستان میں پانچ جگہوں پر میزائل داغے ہیں۔‘
ڈی جی آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ ’انڈیا کی جانب سے پاکستان میں پانچ جگہوں پر حملے کیے گئے ہیں جن میں مریدکے، احمدپور شرقیہ، کوٹلی، باغ اور مظفرآباد پر فضا سے میزائل داغے گئے ہیں۔‘
’میزائل حملوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ ابھی تک ایک بچے سمیت دو افراد کے شہید ہونے کی اطلاع ہے جبکہ احمدپور شرقیہ میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں۔‘
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ ’پاکستان وقت کا تعین کر کے انڈیا کے بزدلانہ حملے کا بھرپور جواب دے گا۔‘
ان کے مطابق ’پاکستان کی جانب سے انڈیا کے خلاف زمین اور فضا سے جوابی کارروائی جاری ہے۔‘
بہاولپور میں دھماکہ
بہاولپور میں مقامی افراد نے تصدیق کی ہے کہ منگل اور بدھ کی رات ساڑھے بارہ بجے کے قریب شہر میں خوفناک دھماکہ ہوا جس سے پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔بعدازاں سکیورٹی اداروں نے دھماکے کی جگہ کو گھیرے میں لے لیا۔ ضلعی انتظامیہ نے تاحال نقصان کے بارے میں آگاہ نہیں کیا۔
پنجاب میں ہنگامی حالات کا نفاذ
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے نے پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر کے تمام سٹاف کو فوری طور پر ڈیوٹیاں سنبھالنے کا حکم دیا ہے۔
پنجاب بھر کے تمام اضلاع کی انتظامیہ اور پولیس کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلٰی پنجاب نے شہری دفاع سمیت دیگر تمام اداروں کے افسران اور عملے کو بھی طلب کر لیا ہے۔
انڈیا نے جس طرح حملہ کیا ہے اس سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا: خواجہ آصف
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انڈیا نے تینوں حملے سویلین آبادی پر اپنی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے کیے۔ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ’انڈینز ذرا سامنے آئیں، ہم اُن کے ساتھ دو دو ہاتھ کرتے ہیں۔انڈیا نے جس طرح حملہ کیا ہے اس سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔‘دوسری جانب پاکستانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج انڈین جارحیت کا بھرپور جواب دے رہی ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فضائیہ نے دو انڈین جہاز مار گرائے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔
پاکستان میں 9 اہداف کو نشانہ بنایا گیا: انڈین وزارت دفاع کی تصدیق
دوسری جانب انڈیا کی وزارت دفاع نے رات گئے ایک اعلامیے میں دعویٰ کیا کہ انڈین آرمی نے پاکستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر میں 9 اہداف کو نشانہ بنایا جہاں سے انڈیا کے خلاف ’دہشت گردی‘ کی منصوبہ بندی اور احکامات دیے گئے۔
انڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے ’آپریشن سندور‘ کے تحت مجموعی طور پر 9 اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
وزارت دفاع کے مطابق یہ کارروائیاں نہایت محتاط، محدود اور غیر اشتعال انگیز نوعیت کی تھیں، جن میں کسی پاکستانی فوجی تنصیب کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’آپریشن سندور‘ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ آج بعد از دوپہر دی جائے گی۔