’کون لوگ ہیں یہ‘، بشریٰ انصاری جاوید اختر اور ارنب گوسوامی پر برس پڑیں

اردو نیوز  |  May 08, 2025

پاکستان اور انڈیا کے درمیان جاری کشیدگی کے تناظر میں انڈین مصنف اور شاعر جاوید اختر کے بیان پر پاکستان کی اداکارہ بشریٰ انصاری نے کافی سخت ردعمل دیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بشریٰ انصاری کی ایسی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے جس میں وہ دونوں ممالک کے درمیان تناؤ پر بات کرتے ہوئے شوبز شخصیات اور ایک انڈین اینکر کا حوالہ دیتی ہیں۔

کچھ روز قبل جاوید اختر نے انڈین حکام پر زور دیا تھا کہ پہلگام واقعے میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے اور پاکستانی فنکاروں کے انڈین پراجیکٹس میں کام پر پابندی لگائی جائے۔

بشریٰ انصاری ان کے لیے ’نام نہاد‘ کے الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’ان کو بہانہ چاہیے تھا، دراصل ان کو ممبئی میں کرائے پر مکان نہیں ملا تھا۔ اپنی ایگزیسٹنس کے لیے وہ جتنی چاہیں باتیں کر سکتے ہیں۔ پتہ نہیں کیا کیا بول رہے ہیں آپ، کوئی حیا کریں۔‘

کسی سڑک کے کنارے ریکارڈ ہونے والے بیان میں بشریٰ انصاری کو یہ کہتے ہوئے بھی سنا جا سکتا ہے کہ ’نصیرالدین شاہ بھی تو چپ بیٹھے ہیں نا۔‘

 انتہائی برہمی کے انداز میں بشریٰ انصاری جاوید اختر کو یہ بھی کہتی ہیں کہ ’مرنے میں آپ کے دو گھنٹے رہ گئے ہیں اوپر سے آپ اتنی فضول باتیں کر رہے ہیں۔‘

بشریٰ انصاری ویڈیو میں اینکر ارناب گوسوامی کا ذکر کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ’وہ تو بات نہیں کرتا وہ تو صرف لڑتا ہے۔ کون لوگ ہیں یہ۔‘

چند روز پیشتر جاوید اختر نے اے این آئی کو انٹرویو میں انڈین حکام پر زور دیا تھا کہ پہلگام واقعے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایک بار نہیں بلکہ کئی بار ہو چکا ہے میں درخواست کرتا ہوں کہ حکام فوری طور پر اقدامات کریں۔ بارڈر پر کچھ کریکرز چلانے سے کچھ نہیں ہو گا اب کوئی ٹھوس قدم اٹھائیں۔‘

انہوں نے انڈیا میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانے کی بھی حمایت کی تھی۔

جاوید اختر نے 2023 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا اور شاعر فیض احمد فیض کی یاد میں ہونے والے فیسٹیول میں شرکت کی تھی۔

اس وقت بھی انہوں نے ممبئی حملوں کے حوالے سے لاہور میں کچھ متنازع قسم کی گفتگو کی تھی۔

اسی طرح انہوں نے نصرت فتح علی خان، غلام علی، مہدی حسن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے انڈیا میں بڑے بڑے شو کیے مگر پاکستان میں کبھی لتا منگیشکر کا شو نہیں ہو پایا۔

خیال رہے چند روز پیشتر اداکارہ مشی خان اور منشا پاشا نے بھی جاوید اختر کو سخت جواب دیا تھا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More