پاکستانی فوج میں مختلف آپریشن اور ہتھیاروں کے نام کس بنیاد پر رکھے جاتے ہیں؟

اردو نیوز  |  May 10, 2025

پاکستان نے سنیچر کی صبح انڈیا کے حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کا آغاز آپریشن ’بنیان مرصوص‘ سے کیا جس میں ’فتح ون میزائل‘ کا استعمال کیا گیا۔

بنیان مرصوص عربی زبان کے الفاظ ہں اور یہ قرآن مجید کی سورہ الصف کی چوتھی آیت سے لیا گیا ہے جس کا مطلب ’سیسہ پلائی ہوئی دیوار‘۔

سنیچر کو  فجر کے وقت آپریشن کے آغاز کے فوراً بعد پاکستان کی حکومت کے ایکس اکاؤنٹ نے ایک پوسٹ شیئر کی جس میں اس آپریشن اور قرآن کی آیت کا ذکر ہے۔

فتح ون میزائل کا نام بھی قرآن مجید کی سورہ الفتح سے لیا گیا ہے جس کا مطلب ہے کامیابی۔

اس سے قبل بھی جب پاکستان کی فوج کی طرف سے کسی ہتھیار کا تجربہ کیا گیا یا آپریشن کا آغاز کا کیا گیا تو اس کے مخصوص نام دیے گئے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق انڈیا کے خلاف آپریشن کے نام کا انتخاب اس لیے کیا گیا کہ ’پاکستان اپنی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔‘

اردو نیوز سے گفتگو میں میجر جنرل ریٹائرڈ زاہد محمود نے بتایا کہ پاکستان کی فوج قرآن مجید میں موجود احکامات کی روشنی میں اپنے آپریشنز اور اپنے آپ کو تیار کرتی ہے۔

’اس آپریشن کا نام سیسہ پلائی ہوئی دیوار رکھا گیا ہے اور اس کا پس منظر یہی ہے کہ ’پاکستان اپنی حفاظت کرتا جانتا ہے، اپنے نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتا ہے۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’فوجی آپریشن بھی قرآن کے احکامات کی روشنی یا پیغمبر اسلام کے ہتھیاروں اور گھوڑوں کے نام، اسلامی جنگوں کے ہیرو اور یا جنہوں نے اسلام کی حفاظت کے لیے کام کیا، ان کے نام پر رکھے جاتے ہیں۔‘

میجر جنرل ریٹائرڈ زاہد محمود نے کہا کہ نام ایک سپاہی کو حوصلہ دیتا ہے اس لیے آپریشنل تیاری میں مصروف ارکان نام منتخب کرتے ہیں۔

’نام کی بہت اہمیت ہوتی ہے۔ جو بھی ارکان آپریشنل تیاری میں مصروف ہوتے ہیں، وہ لوگ نام تجویز کرتے ہیں اور جس نام پر اتفاق ہو جاتا ہے تو پھر وہ نام رکھ دیے جاتے ہیں۔‘

حتف میزائل کا نام پیغمبر اسلام کی تلوار سے اخذ کیا گیا ہے جبکہ الخالد ٹینک کا نام اسلام کے سپہ سالار حضرت خالد بن ولید کے نام پر رکھا گیا ہے۔

آپریشن ضرب عضب

2014 میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا نام ضرب عضب رکھا گیا تھا جو پیغمبر اسلام کی تلوار کا نام ہے۔ عضب کے معنی تیزی سے کاٹنے والی تلوار ہے۔

آپریشن راہ نجات

2009 میں آپریشن راہ نجات جنوبی وزیرستان اور ملاکنڈ میں شروع کیا گیا تھا جس کے مقصد ملک سے شدت پسندوں کا صفایا کرنا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More