’نقصانات جنگ کا حصہ ہوتے ہیں‘، رفال گرنے کے سوال پر انڈین ایئر مارشل کا جواب

اردو نیوز  |  May 11, 2025

انڈیا کے ایئر مارشل اے کے بھارتی نے کہا ہے کہ ’ہم اس وقت حالتِ جنگ میں ہیں اور نقصانات جنگ کا حصہ ہوتے ہیں۔‘

اُن سے ایک صحافی نے پاکستان سے حالیہ لڑائی میں فرانسیسی ساختہ رفال جیٹ فائٹر گرنے کا سوال کیا تھا۔

اتوار کی شام نئی دہلی میں پاکستان سے حالیہ لڑائی اور دوطرفہ جھڑپوں کے دوران ہونے والے واقعات پر میڈیا کو بریفنگ میں انڈین ایئر مارشل کا رفال گرنے کے سوال پر کہنا تھا کہ ’ہم سے جو سوال پوچھا جانا چاہیے، اور ضرور پوچھا جانا چاہیے وہ یہ ہے کہ کیا ہم نے اپنے مقاصد حاصل کر لیے ہیں۔ ہمارا جو مقصد تھا کہ دہشت گرد کیمپوں کو ختم کرنا ہے، تو اس کا جواب یہ ہے کہ جی، بالکل، ہم نے یہ مقصد حاصل کر لیا ہے۔‘

اے کے بھارتی نے کہا کہ نتائج دنیا کے سامنے ہیں کہ وہ ان کو دیکھے۔ ’جہاں تک اس کی تفصیلات کی بات ہے کہ کیا کچھ کیا، کتنے نمبر رہے، ہم نے کون سا پلیٹ فارم استعمال کیا۔ اس وقت میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔‘انڈیا کے ایئر مارشل نے آرمی اور بحریہ کے افسران کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ’ہم ابھی تک حالتِ جنگ میں ہیں۔ اور اگر میں اس وقت ایسا کوئی تبصرہ کروں گا تو اس کا فائدہ مخالف فریق کو ہوگا۔‘ 

انہوں نے کہا کہ ’ہم انھیں اس وقت کوئی فائدہ نہیں دینا چاہتے۔ میں صرف یہی کہوں گا کہ ہم نے اپنے اہداف حاصل کر لیے ہیں۔ ہمارے تمام پائلٹ گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔‘ 

قبل ازیں اتوار کی صبح انڈیا کی ایئر فورس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ’آپریشن سندور‘ کے طے شدہ تمام اہداف پیشہ ورانہ اور درست طریقے سے کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیے ہیں۔

انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا تھا کہ ’ایئر فورس نے قومی اہداف کے لیے پیشہ ورانہ مہارت اور فوجی طریقہ کار کے تحت کارروائیاں کی ہیں۔‘

بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ’چونکہ آپریشن ابھی جاری ہے، اس لیے مناسب وقت پر تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More