شاہراہِ بلتستان پر ہلاک ہونے والے 4 نوجوان دوست کون تھے؟ افسوس ناک تصاویر اور ویڈیوز منظرِ عام پر

ہماری ویب  |  May 24, 2025

گلگت بلتستان کی شاہراہِ بلتستان پر پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں لاپتہ ہونے والے چار سیاحوں کی لاشیں تلاش کر لی گئی ہیں۔ ریسکیو ٹیم کے انچارج غلام رسول کے مطابق، دو لاشوں کو کھائی سے نکال لیا گیا ہے، جبکہ باقی دو کی بازیابی کے لیے کارروائی جاری ہے۔

جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب کے شہر گجرات سے تھا، جن میں سے ایک نوجوان سیاح دوہری شہریت کا حامل تھا اور اٹلی کا شہری بھی تھا۔ اہلِ خانہ کے مطابق یہ چاروں دوست 15 مئی کی رات گلگت سے اسکردو روانہ ہوئے تھے مگر منزل تک نہ پہنچ سکے۔

حادثے کا شکار نوجوانوں میں کوٹ گکہ کے 36 سالہ واصف شہزاد اور 20 سالہ عمر احسان جبکہ جسوکی کے 23 سالہ سلمان سندھو اور ساروکی کے 23 سالہ عثمان ڈار شامل ہیں جو 12 مئی کو گجرات سے نکلے اور 16 مئی سے لاپتہ تھے

پولیس کا کہنا ہے کہ سیاحوں کی گاڑی استک نالے کے قریب ایک خطرناک موڑ پر قابو کھو بیٹھنے کے بعد گہری کھائی میں جا گری۔ جائے حادثہ تک رسائی دشوار گزار تھی، جس کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں وقت لگا۔

اس واقعے سے قبل پولیس نے گلگت سے لاپتہ ہونے والے ان نوجوانوں کی گاڑی تلاش کی تھی، جس کے بعد ان کی تلاش کا عمل تیز کیا گیا۔ اب ان کی لاشیں ملنے کے بعد خاندانوں کو شدید صدمے کا سامنا ہے، جبکہ سیاحتی سفر کی حفاظت سے متعلق سوالات ایک بار پھر اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More