لاہور میں شدید موسم کے باعث ایک نجی ایئرلائن کی پرواز کو غیر معمولی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑا، جب طوفانی ہواؤں کے سبب طیارہ کراچی واپس لوٹنے پر مجبور ہوگیا۔ اس پرواز میں سوار 57 مسافروں نے دوبارہ سفر سے انکار کر دیا، جس کے بعد ایئرلائن کو اضافی انتظامات کرنا پڑے۔
کراچی سے لاہور جانے والی پرواز ایف ایل 842 جب لاہور کی فضاؤں میں داخل ہوئی تو طوفان کی شدت نے فضا کو خطرناک بنا دیا۔ ایک مسافر کے مطابق، پرواز کے دوران طیارے کو متعدد جھٹکے لگے، جن میں سے کچھ اتنے شدید تھے کہ کئی مسافر خوفزدہ ہو گئے۔ لینڈنگ کی کوشش کے دوران بھی جھٹکوں کا سلسلہ جاری رہا، جس پر پائلٹ نے فوری طور پر احتیاطی فیصلہ کرتے ہوئے طیارہ واپس کراچی کی طرف موڑ دیا۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ ممکن نہ ہونے پر طیارہ واپس لایا گیا، جہاں اسے ری فیولنگ کے بعد دوبارہ روانہ کرنے کی تیاری مکمل کی گئی۔ تاہم، خوف زدہ 57 مسافروں نے مزید سفر کرنے سے انکار کر دیا۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق، ان افراد کے سامان کی واپسی کے عمل میں وقت لگا، جس کے باعث پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔