سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت کابینہ کے اجلاس میں مسئلہ فلسطین پر سعودی عرب کی عالمی سطح پر بھرپور حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق اجلاس میں فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ انسانی امداد کی ترسیل کو یقینی بنائے اور اسرائیل کو جارحیت سے باز رکھنے کے لیے اقدامات کرے۔
سعودی کابینہ نے زور دیا کہ اسرائیل عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی مکمل پاسداری کرے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے حالیہ دنوں میں کئی عالمی فورمز پر فلسطینی کاز کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کی ہیں اور غزہ میں جاری انسانی بحران پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔