اسرائیل کے سابق وزیراعظم ایہود اولمرٹ نے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کو جنگی جرائم قرار دے دیا ہے۔
انہوں نے موجودہ وزیراعظم نیتن یاہو اور ان کی دائیں بازو کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اولمرٹ نے کہا، "اگر یہ جنگی جرائم نہیں ہیں تو پھر اور کیا ہیں؟"
انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت کے اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں اور وہ اب مزید ان کا دفاع نہیں کر سکتے۔ اولمرٹ کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو اور ان کی حکومت کے کچھ ارکان ایسے خطرناک اقدامات کر رہے ہیں جن کی کوئی اور تشریح نہیں کی جا سکتی سوائے اس کے کہ یہ جنگی جرائم ہیں۔
ان کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب غزہ میں اسرائیلی حملوں سے ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور عالمی سطح پر نیتن یاہو کی پالیسیوں پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔