وزیراعظم شہباز شریف کی تاجک صدر سے ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال

سچ ٹی وی  |  May 29, 2025

وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال اور علاقائی اور عالمی امور پرگفتگو کی گئی۔ دوشنبے میں وزیراعظم شہباز شریف اور تاجک صدر امام علی رحمٰن کے درمیان ملاقات میں وزیراعظم نے تاجک صدر کو جنوبی ایشیا کی صورتحال سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت جنگی اقدام تھا، عالمی برادری غیرذمہ دارانہ رویے پر بھارت سے جواب طلب کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے لیکن اپنی علاقائی خودمختاری اور سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔

وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کہا کہ خطے میں امن کیلئے کشمیر کے دیرینہ مسئلے کا حل ناگزیر ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا۔

تاجکستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اظہارخیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جولائی 2024کےدورہ تاجکستان میں دوطرفہ تعلقات کی بنیاد رکھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وسط ایشیائی ممالک کے ساتھ روابط کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں اور سی پیک کو وسطی ایشیا تک توسیع دینا چاہتےہیں۔

تاجک صدر امام علی رحمٰن نے وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان ہمارا بااعتماد دوست ہے، خطے میں امن اور استحکام کے حامی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امن اور استحکام کیلئے شہبازشریف کا قائدانہ کردار قابل تعریف ہے،تاجک صدر نے پاکستان سےمختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ دورہ آذربائیجان مکمل کرکےدو روزہ دورے پر تاجکستان پہنچ گئے، دوشنبہ ایئرپورٹ پر تاجک ہم منصب نے ان کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ اور طارق فاطمی بھی ہیںَ۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف رواں ہفتے 25 مئی کو 4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں ترکیہ گئے تھے، جہاں انہوں نے صدر اردوان سے اہم ملاقات کی تھی۔

بعد ازاں ترکیہ کا دورہ مکمل کرنے کےبعد وزیراعظم تہران پہنچے تھے جہاں صدر مسعود پزشکیان اور آیت اللہ خامنہ ای سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ایران کے سول جوہری پروگرام کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

27 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ دورے پر آذربائیجان پہنچے تھے جہاں صدر الہام علی یوف سے ملاقات کے علاوہ انہوں نے پاکستان، ترکیہ، آذربائیجان کے مشترکہ فورم سے خطاب کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More