ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ: ارشد ندیم نے جیولن تھرو فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

اردو نیوز  |  May 30, 2025

پاکستان کے ایتھلیٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں جیولن تھرو فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

جمعے کو جنوبی کوریا میں ہونے والے مقابلے میں ارشد ندیم نے اپنی پہلی ہی باری میں 86.34 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی۔ جبکہ انڈین کھلاڑی یش ویر سنگھ نے پہلی باری میں 76.67 میٹر کی تھرو کی۔

ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ کا جیولن تھرو فائنل 31 مئی کو ہو گا۔

ارشد ندیم کے علاوہ پاکستان سے ہی تعلق رکھنے والے محمد یاسر نے بھی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

اس مقابلے سے قبل ارشد ندیم نے ایک پیغام میں اپنی کامیابی کے لیے قوم سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’یہ پیرس اولمپکس کے بعد میرا پہلا مقابلہ ہے۔ برائے کرم دعا کریں کہ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کر لوں۔‘

’میرے لیے دعا کریں کہ میں اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کے لیے میڈل جیت سکوں۔‘

خیال رہے کہ ارشد ندیم نے گذشتہ برس پیرس اولمپکس میں طویل ترین جیولن تھرو کا نیا ریکارڈ قائم کیا تھا اور سونے کا تمغہ جیتا تھا۔

عرب نیوز کے مطابق ارشد ندیم کی فتح اس لیے زیادہ متاثر کن ہے کیونکہ وہ پنجاب کے ایک گاؤں میں کچے اینٹوں کے مکان میں پیدا ہوئے اور وہیں ان کی پرورش ہوئی۔ انہوں خود سے تیار کیے جیولن سے گندم کے کھیتوں میں تربیت حاصل کی۔

ان کی اس کامیابی پر انہیں پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے سول ایوارڈ ہلال امتیاز سے نوازا گیا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More