سیاست فلموں کے مقابلے میں عمر رسیدہ خواتین کے لیے زیادہ مہربان ہے: کنگنا رناوت

اردو نیوز  |  May 31, 2025

خواتین ادکاراؤں کے لیے اس موضوع پر بات کرنا کوئی نئی بات نہیں ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹری میں ان کے لیے کردار بھی محدود ہو جاتے ہیں۔

اس مرتبہ بالی وُڈ کی مشہور اداکارہ اور رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے اس حوالے سے بات کی ہے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکارہ سے سیاست دان بننے والی کنگنا رناوت نے بڑھتی عمر کے تجربے پر روشنی ڈالی ہے اور اس بات کا اظہار کیا ہے کہ سیاست نے انہیں فلمی دنیا کے مقابلے میں زیادہ قبولیت بخشی ہے۔

کنگنا رناوت کا عمر بڑھنے کا جشنکنگنا رناوت نے انسٹاگرام پر اپنی کچھ تصاویر شیئر کیں جن میں وہ اپنے قدرتی گھنگریالے بالوں کے ساتھ نظر آئیں۔

انہوں نے اپنی تصایر کے ساتھ لکھا کہ ’میری مسافر روحِ نے کبھی بڑھاپے سے خوف محسوس نہیں کیا لیکن جب میرے فلم کریو (ٹیم) نے میرے سفید بال دیکھے تو وہ گھبرا گئے اور ان کی رنگت چھپانے کے لیے انہوں نے مسکارا اور رنگین سپرے استعمال کیے۔‘

39 سالہ کنگنا رناوت نے کہا کہ ’خوشی اس بات کی ہے کہ اب میں ایسی جگہ پر ہوں جہاں میری عمر رسیدہ شکل یا جسم میرا  کچھ بھی مجھ سے دور نہیں کرتے، عمر کا بڑھنا اپنے آپ میں ایک خوشی ہے۔‘

انہوں نے فلمی دنیا اور سیاست کے تجربات کا موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ زیادہ سکون میں ہیں کیونکہ ان کی ظاہری شکل اب ان کی شناخت کا تعین نہیں کرتی۔

کنگنا کا کہنا تھا کہ ’کیا آپ لوگ بھی سمجھتے ہیں کہ سیاست فلموں کے مقابلے میں عمر رسیدہ خواتین کے لیے زیادہ مہربان ہے؟ میں تو یقیناً ایسا ہی سمجھتی ہوں، اس تصویر میں کوئی فلٹر استعمال نہیں ہوا، سب سے خوبصورت جگہ وہی ہے جہاں آپ جو ہیں، ویسا ہی آپ کو دیکھا جاتا ہے۔‘

یاد رہے کہ کنگنا رناوت اس وقت انڈیا کی ریاست ہماچل پردیش کے علاقے منڈی سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رکنِ پارلیمان کے طور پر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ وہ اپنے پارلیمانی تجربات کی جھلکیاں اکثر سوشل میڈیا پر شیئر کرتی ہیں۔

ان کی حال ہی میں فلم ’ایمرجنسی‘ ریلیز ہوئی تھی جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار نبھایا اور اس فلم کی ہدایت کاری بھی کی۔

اگرچہ شائقین نے ان کی اداکاری کو سراہا لیکن فلم باکس آفس پر کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھا سکی اور صرف 23 کروڑ 75 لاکھ انڈین روپے کا عالمی بزنس ہی کر سکی۔

فلم کے نمایاں اداکاروں میں انوپم کھیر، ستیش کوشک، شریاس تلپدے، ماہیمہ چودھری اور ملند سومن شامل تھے، یہ فلم اب نیٹ فلکس پر دستیاب ہے۔

رپورٹ کے مطابق کنگنا رناوت آئندہ ہالی وُڈ میں ڈیبیو کرتی نظر آئیں گی، وہ امریکہ کے ایک پروڈکشن ہاؤس کے بینر تلے بننے والی فلم ’دی ایول‘ میں کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More