دو گھنٹے سات سیکنڈ، سوئس شہری نے برف میں دبے رہنے کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا

اردو نیوز  |  Jun 10, 2025

سوئٹزر لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے برف کے اندر دبے رہنے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

گنیز ورلڈ ریکارڈز کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق سوئٹزر لینڈ کے شہری ایلیس مییر نے دو گھنٹے سے زائد کا وقت برف کے نیچے گزارا۔

ریکارڈ بنانے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ایلیس مییر کا کہنا تھا کہ کوئی بھی شخص دو گھنٹے سے زیادہ وقت برف کے اندر یا نیچے نہیں گزار پایا ہے تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ دو گھنٹے سے زیادہ وقت برف میں گزاریں گے۔

ایلیس مییر نے برف میں دبنے کے مظاہرے کے دوران صرف شارٹس پہن رکھی تھی۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کی موجودگی میں ایلیس کو برف کے ایک ڈھیر کے پاس لے جایا گیا جس کے اطراف بھی برف ہی برف تھی۔ پھر ٹیم کے ایک ممبر نے بیلچے کی مدد سے ان پر برف ڈالنا شروع کیا اور وہ منوں برف کے نیچے چلے گئے صرف ان کا سر باہر رہا۔

اس کے ساتھ ہی سٹاپ واچ آن کر دی گئی اور ہندسے دوڑنا شروع ہوئے تو دوسری طرف ایلیس کا امتحان بھی شروع ہوا۔

اس سے قبل برف کے اندر زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کا ریکارڈ پولینڈ کے ویلرجان رومنوسکی نے قائم کیا تھا جو انہوں نے 2022 میں بنایا تھا اور انہوں نے ایک گھنٹہ، 45 منٹ اور دو سیکنڈ برف کے اندر گزارے تھے۔

2022 میں ویلر جان نے ایک گھنٹہ 45 منٹ اور دو سیکنڈ برف میں گزار کر ریکارڈ بنایا تھا جو ایلیس میئر نے توڑا ہے (فوٹو: گنیز ورلڈ ریکارڈ)

اس کے مقابلے میں ایلیس مییر نے ان سے تقریباً 15 منٹ اور پانچ سیکنڈ زیادہ گزارے۔

ایلیس مییر نے اپنے تجربے کے حوالے سے کہا کہ ’شروع کے چند منٹ تو کافی اچھے گزرے تاہم بعد میں برف کے وزن اور ٹھنڈک کی وجہ سے میرے کندھوں اور کہنیوں میں درد ہونے لگا، تاہم میں برداشت کرتا رہا اور یہی سوچتا رہا کہ دو گھنٹے سے زیادہ کا وقت گزارنا ہے۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میں ثابت کرنا چاہتا تھا میرا جسم ناقابل یقین ایکشن کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔‘

خیال رہے کہ یہ مقابلہ پہاڑی برف سے متعلق تھا جبکہ کچھ مقابلے برف کے کیبن کے اندر وقت گزارنے کے بھی ہوتے ہیں اور ان کے ریکارڈ کے دورانیے بھی الگ ہوتے ہیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More