انڈیا: احمد آباد سے لندن جانے والا مسافر طیارہ گر کر تباہ، 204 ہلاکتوں کی تصدیق

اردو نیوز  |  Jun 12, 2025

ایئر انڈیا کا ایک مسافر طیارہ احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق انڈیا کے وفاقی وزیر صحت کا کہنا ہے کہ حادثے میں ’بہت سے افراد‘ کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

روئٹرز کے مطابق جمعرات کو انڈیا کے نیوز چینلز نے رپورٹ کیا کہ ملک کے مغربی شہر احمد آباد میں مسافر طیارے کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے بعد پولیس نے بتایا ہے کہ اب تک 200 سے زائد افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال پہنچائی گئی ہیں۔

احمد آباد پولیس کے سربراہ جی ایس ملک نے روئٹرز کو بتایا کہ حادثے کے مقام سے 204 لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔

انڈین ایکسپریس نے پولیس کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ طیارے میں سوار کسی بھی مسافر کے زندہ بچ جانے کی اطلاع نہیں ہے۔

اس سے قبل ایئر انڈیا نے ایکس پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ مسافر طیارہ احمد آباد سے لندن جا رہا تھا جبکہ پولیس کے مطابق طیارہ شہری آبادی پر گرا ہے۔

ایئرانڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے پر سوار مسافروں میں 169 انڈین شہری، 53 برطانوی شہری، پرتگال کے سات شہری اور کینیڈا کا ایک شہری شامل ہیں۔

انڈین وزارت برائے ایوی ایشن کے مطابق طیارے پر مجموعی طور پر 242 افراد سوار تھے جن میں دو پائلٹ اور عملے کے دس اراکین شامل ہیں۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں حادثے کی جگہ سے دھویں کے بادل اُٹھتے دکھائی دے رہے ہیں تاہم ان ویڈیو فوٹیجز کی تصدیق ہونا باقی ہے۔ 

ایک نیوز چینل پر دکھائی گئی ویڈیو میں طیارے کو اڑان بھرتے ہوئے رہائشی علاقے میں دیکھا جا رہا ہے اور پھر وہ اچانک منظر سے غائب ہوتا ہے جس کے بعد وہاں دھویں کے کثیف بادل آسمان کی جانب اُٹھتے نظر آتے ہیں۔

احمد آباد ایئر ٹریفک کنٹرول کے مطابق مسافر طیارے نے مقامی وقت دن ایک بج کر 39 منٹ پر اُڑان بھری اور اس کے فوری بعد ہنگامی ’مے ڈے‘ کی کال موصول ہوئی جس کے ساتھ ہی اس سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

فلائٹ ریڈار24 کی ویب سائٹ نے بھی بتایا ہے کہ طیارے کے اُڑان بھرنے کے چند سیکنڈز بعد اس کے سگنلز آنا بند ہو گئے۔

ویب سائٹ کے مطابق گرنے والا طیارہ بوئنگ کا 787 ڈریم لائنر تھا۔ رابطہ کرنے پر بوئنگ کی جانب سے فوری طور پر جواب نہیں دیا گیا۔

یہ بوئنگ 787 ڈریم لائنر ماڈل کے طیارے کا پہلا حادثہ ہے (فوٹو: اے ایف پی)ٹیلی ویژن چینلز کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب طیارہ ٹیک آف کر رہا تھا۔ ہوائی اڈے کے قریب ملبے کو آگ لگنے کے مناظر دکھائی دیے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق انہوں نے لوگوں کو سٹریچر پر منتقل کیے جانے اور ایمبولینسوں میں لے جانے کے مناظر دیکھے۔

خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ریاست گجرات کے پولیس کنٹرول روم کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ فلائٹ میں کل 242 افراد سوار تھے۔

ہم ائیر انڈیا کی مدد کے لیے تیار ہیں: بوئنگ کمپنی

امریکی جہاز ساز کمپنی بوئنگ نے کہا ہے کہ وہ انڈیا میں مسافر طیارے کے حادثے کے بعد ایئر انڈیا کی مدد کے لیے تیار ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بوئنگ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم فلائٹ 171 سے متعلق ایئر انڈیا سے رابطے میں ہیں اور ان کے مدد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔‘

اس سے قبل بوئنگ نے کہا کہ وہ اس واقعے متعلق معلومات اکٹھی کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

اے ایف پی کے ذرائع کہ مطابق  یہ بوئنگ 787 ڈریم لائنر ماڈل کے طیارے کا پہلا حادثہ ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More