پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری لڑائی میں سوشل میڈیا پر پاکستان کے کردار کے حوالے سے جاری خبروں کو فیک نیوز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا نیوکلیئر اور میزائل پروگرام اپنے دفاع کے لیے ہے۔پیر کو سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ ’سوشل میڈیا پر ایران کے ایک جنرل کا حوالہ دے کر یہ کہا جا رہا ہے کہ پاکستان نے یہ کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے ہمارے (ایران کے) اوپر نیوکلیئر حملہ کیا تو پاکستان اسرائیل پر نیوکلیئر حملہ کر دے گا۔‘’یہ اتنی غیرذمہ دارانہ اور جھوٹی خبر ہے، اور سوشل میڈیا پر چلتی اس خبر کو برطانوی اخبار ڈیلی میل نے بھی اٹھا لیا۔ تو میں یہ واضح کر رہا ہوں کہ 28 مئی 1998 کو ہم نے ایٹمی دھماکے اپنے دفاع کے لیے کیے تھے۔ کیونکہ انڈیا نے یہ کیا تھا تو ہمیں جواب دینا تھا، تو یہ اس خطے میں برابری اور امن کے لیے کیے گئے اور یہ ضروری تھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جو اس طرح کی فیک نیوز ہے میں سمجھتا ہوں کہ ہم سب کا فرض ہے کہ اس حوالے سے کوئی شکوک و شبہات نہ رکھیں۔ اللہ نے پاکستان کو نہ صرف نیوکلیئر قوت بنایا ہے بلکہ میزائل کے حوالے سے بھی طاقتور بنایا ہوا ہے اور کئی ممالک کو تکلیف بھی ہوتی ہے، لیکن یہ ہماری اپنی سکیورٹی کے لیے ہے، ہمارے اپنے استحکام کے لیے ہے، خطے میں استحکام کے لیے ہے۔‘
’تو ہماری طرف سے ایسا کوئی بیان نہیں دیا گیا ہے اور یہ جعلی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ سے متعلق کل ایک کلپ چل رہا تھا بعد میں معلوم ہوا کہ اے آئی سے جنریٹ ہوا۔‘