پاکستانی اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل نے حال ہی میں ایک تقریب میں ماؤں کی قربانی پر کھل کر بات کی، جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
نادیہ جمیل، جو پہلے اپنی جاندار اداکاری اور معصوم شخصیت کی وجہ سے مشہور تھیں، اب خواتین کے حقوق، بچوں کے تحفظ اور معاشرتی اصلاح کے لیے آواز بلند کرنے والی نمایاں شخصیات میں شمار ہوتی ہیں۔
ان کے معروف ڈراموں میں ”دھوپ میں ساون“، ”درِ شہوار“، ”میرے پاس پاس“ اور ”بے حد“ شامل ہیں۔
وہ نہ صرف اسکرین پر بلکہ حقیقی زندگی میں بھی اپنی اصولی سوچ اور جرات مندانہ بیانیے کے لیے جانی جاتی ہیں
حال ہی میں ایک تقریب میں نادیہ جمیل نے ماؤں کے متعلق رائج نظریے پر تنقید کرتے ہوئے کہا: ”ہماری ثقافت میں ماؤں کی محبت کو اکثر قربانی کے ساتھ جوڑ دیا جاتا ہے۔
جیسے ماں خود بھوکی رہے لیکن بچوں کو کھلائے۔ یہ جذبہ قابلِ قدر ہے، مگر اس میں اپنی ذات کو مکمل طور پر مٹا دینا ایک خطرناک پیغام ہے۔“
نادیہ نے اپنی بات کو ذاتی مثال سے واضح کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو بچوں کی ماں ہیں، ایک بیٹے کی جو اب 23 سال کا ہے اور ایک بیٹی کی جو صرف 4 سال کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیٹی کی پیدائش کے بعد ان کے اندر بطور ماں بہت تبدیلی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ، ”اب میں اپنی بیٹی کی پرورش کے دوران سمجھ گئی ہوں کہ اگر میں خود ذہنی، جسمانی اور جذباتی طور پر متوازن نہیں ہوں گی، تو ایک اچھی ماں بن ہی نہیں سکتی۔“
نادیہ جمیل نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنی حدود پہچاننی چاہئیں ”ہمیں کبھی یہ سکھایا ہی نہیں گیا کہ اپنی فلاح کے لیے کب ’نہیں‘ کہنا ہے۔ اگر میرا بیٹا بھی میرے ساتھ بدتمیزی کرے، تو اسے اور مجھے یہ سمجھنا ہوگا کہ بدسلوکی کی بھی ایک حد ہے۔
نادیہ جمیل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہےاور متعدد خواتین نے ان کے خیالات کی تعریف کی ہے۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا، ”نادیہ جمیل نے وہ بات کہہ دی جو ہم سب محسوس تو کرتے ہیں لیکن بول نہیں پاتے۔“
نادیہ جمیل کا یہ پیغام صرف ماؤں کے لیے نہیں بلکہ ہر اس فرد کے لیے ہے جو دوسروں کے لیے جیتے جیتے اپنی ذات کو بھول جاتا ہے۔
ان کا مشورہ ہے کہ قربانی ضرور کریں، مگر اپنی فلاح، عزتِ نفس اور ذہنی سکون کی قیمت پر نہیں۔
یاد رہے کہ 2020 میں نادیہ جمیل کو کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کا انہوں نے بہادری سے سامنا کیا اورعلاج کے بعد صحت یاب ہو گئیں۔
اس مشکل وقت نے ان کی زندگی میں گہرے اثرات چھوڑے اور ان کی سوچ میں مثبت تبدیلی پیدا کی۔