بالی وڈ کی فلم ’سردار جی تھری‘ میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے پر جہاں اداکار و گلوکار دلجیب دوسانجھ کو انڈیا میں تنقید کا سامنا ہے وہیں ایسی افواہیں بھی پھیل رہیں کہ ان کو فلم ’بارڈر ٹو‘ سے نکال دیا گیا ہے، جس کی وضاحت خود اداکار کی جانب سے سامنے آ گئی ہے۔
ویب سائٹ پنک ولا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دلجیت دوسانجھ کی فلم ’سرار جی تھری‘ چند روز قبل ہی سوائے انڈیا کے دنیا کے کئی ممالک میں ریلیز ہوئی ہے اور انڈیا میں ریلیز نہ ہونے کی وجہ پڑوسی ممالک کے درمیان تناؤ ہے۔
22 اپریل کو انڈین کشمیر کے علاقے پہگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد انڈیا اور پاکستان کے درمیان شدید کشیدگی پیدا ہوئی اور دونوں نے ایک دوسرے پر فضائی حملے بھی کیے۔
جنگ بندی ہو جانے کے بعد بھی دونوں ممالک کے تعلقات میں شدید تناؤ پایا جاتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ سردار جی تھری کی ٹیم سے مطالبہ کیا گیا کہ اس میں پاکستانی اداکارہ کا کام نکال کر انڈین اداکارہ کو شامل کیا جائے تاہم ایسا نہیں ہوا۔
اس لیے فلم کی ریلیز کے موقع پر انڈیا میں کافی شور اٹھا اور دلجیت دوسانجھ پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا۔
ایسی صورت حال میں اداکار کو فلم بارڈر ٹو سے نکالنے کی بات کچھ فینز کے پریشانی کا باعث بنی اور یہ افواہ پھیلتی چلی گئی۔
دلجیت دوسانجھ نے ’بارڈر ٹو‘ فلم کے سیٹ سے ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی (فوٹو: سکرین شاٹس)
اس دوران ایک میڈیا پلیٹ فارم جس کا نام رپورٹ میں نہیں بتایا گیا، میں دعویٰ کیا گیا کہ ان کو فلم سے نکال دیا گیا ہے اور اس کو فلم میکرز کا اجتماعی فیصلہ قرار دیا گیا۔
بات وہاں تک بڑھی کہ اداکار دلجیت مرزا کو خود میدان میں آ کر وضاحت کرنا پڑی اور ایک ایسی ویڈیو ریلیز کی ہے جس نے تمام قیاس آرائیوں کو غلط ثابت کر دیا ہے۔
انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے فلم کی شوٹنگ کے موقع کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ انڈین ایئر فورس کی وردی پہنے نظر آ رہے ہیں۔ انہوں نے ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ’بارڈر ٹو‘ اور ساتھ تالی بجانے والا ایموجی لگایا۔
فلم ’سردار جی تھری‘ انڈیا میں ریلیز نہیں ہو سکی ہے (فوٹو: شوبز تماشا)
ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں مشہور گانا ’سندیسے آتے ہیں، سندیسے جاتے ہیں‘ بھی سنا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دلجیت دوسانجھ کو وینٹی وین سے نکل کر سیٹ پر آتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں موجود کئی اداکار ان کا استقبال کرتے ہوئے ہاتھ ملاتے ہیں۔‘
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت فلم کے ایک گانے کا منظر ریکارڈ کیا جا رہا تھا جس میں اداکار دلجیت دوسانجھ نے کچھ دوسرے فنکاروں کے ساتھ مل کر ڈانس کیا۔