مشہور کرائم ڈرامہ سیریز ’مرزاپور‘ کا ممکنہ طور پر اختتام چوتھے سیزن پر ہونے جا رہا ہے۔
سیریز میں گڈو پنڈت کا مرکزی کردار نبھانے والے اداکار علی فضل نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں مداحوں کے لیے کچھ چونکا دینے والی باتیں کی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سیریز کے ساتھ ساتھ ایک فلم بھی بن رہی ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ وہ فلم ناظرین کو ایک بالکل نیا تجربہ فراہم کرے گی۔
علی فضل کا ’مرزاپور‘ کے اختتام پر تبصرہ
’ہندی رش‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں علی فضل نے بتایا کہ ’مرزاپور‘ کے چوتھے سیزن کے سکرپٹ پر کام ہو رہا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے یہ اشارہ بھی دیا کہ یہ ممکنہ طور پر آخری سیزن ہو سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ یہ شاید آخری سیزن ہو۔‘ ان کے اس بیان پر ’مرزا پور‘ کے فینز نے ملی جلی رائے کا اظہار کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق توقع کی جارہی ہے کہ چوتھا سیزن تیسرے سیزن کے ڈرامائی اور سنسنی خیز اختتام کے فوراً بعد کی کہانی کو آگے بڑھائے گا۔ گڈو پنڈت طاقت کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے جبکہ قالین بھیا شاید مزید قوت کے ساتھ واپس آئیں۔
چوتھا سیزن بھی سابقہ سیزنز کی طرح انتقام، سازشوں اور سیاسی چالوں سے بھرپور ہو گا جیسا کہ مرزاپور کے قانون سے آزاد ماحول میں ہمیشہ سے ہوتا آیا ہے۔
فلم میں بھی ’مرزا پور‘ ہی کی کاسٹ شامل ہو گی (فوٹو: سیریز پوسٹر)
علی فضل نے اس انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ ’او ٹی ٹی مواد اب پہلے سے زیادہ سنجیدہ اور متوازن ہو چکا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پہلے ویب سیریز میں بلا ضرورت زبان اور بالغ مناظر کا استعمال زیادہ ہوتا تھا لیکن اب ذمہ دار ناظرین اور ذمہ دار فلم سازی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔‘
’مرزاپور‘ پر مبنی فلم
رپورٹ کے مطابق سیریز کے سیزن 4 کے ساتھ ساتھ مداحوں کے لیے ایک اور خوش خبری بھی سامنے آئی ہے کہ ’مرزاپور‘ پر مبنی ایک فلم بھی بنائی جا رہی ہے۔
علی فضل نے تصدیق کی ہے کہ فلم میں اصل کاسٹ شامل ہو گی اور وہ خود فلم کا سکرپٹ بھی سن چکے ہیں جسے وہ بہت دلچسپ اور حیران کن قرار دیتے ہیں۔
وہ بتاتے ہیں کہ ’ہم سب بہت پرجوش ہیں اور اصل کاسٹ واپس آ رہی ہے۔ پچھلے ہفتے ہی میں نے سکرپٹ سنا، بہت شاندار ہے، سب کے لیے ایک بڑا سرپرائز ہو گا۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’یہ فلم صرف سیریز کا ری میک نہیں ہو گی بلکہ اسے ایک نئے انداز میں پیش کیا جائے گا، جیسے ’پیکی بلائنڈرز‘ کے خالقین نے اپنی مقبول سیریز کو ایک منفرد فلم میں تبدیل کیا تھا۔
’مرزا پور‘ فلم سنہ 2026 تک سینما گھروں کی زینت بنے گی۔
اگرچہ مکمل کاسٹ کا اعلان نہیں ہوا لیکن پنکج تریپاٹھی، دیویندو، شویتا تریپاٹھی اور راسیکا دوگل جیسے اہم کرداروں کے دوبارہ جلوہ گر ہونے کا امکان ہے۔
مداحوں کے لیے یہ خبر خوشی اور اداسی دونوں لے کر آئی ہے کہ ایک طرف وہ اپنی پسندیدہ سیریز کے اختتام کو لے کر افسردہ ہیں تو دوسری جانب بڑی سکرین پر اسے دیکھنے کی تیاری بھی شروع کر چکے ہیں۔