بلوچستان کی حکومت نے سرکاری وسائل کے غلط استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے ایک سرکاری افسر کو عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔پیر کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس پر تنقید کی جا رہی تھی کہ سرکاری گاڑی کو سیر و تفریح کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔برطرف کیا گیا افسر مانگی ڈیم کا پروجیکٹ ڈائریکٹر تھا۔بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے ایک بیان میں کہا کہ سرکاری گاڑی کا خلاف قانون استعمال سامنے آنے پر فوری کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اور چیف سیکریٹری بلوچستان نے مذکورہ افسر کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے اور انہیں قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جا سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی وسائل کا غلط اور بے جا استعمال ناقابل برداشت ہے اور ایسے اقدامات پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ’قانون سب کے لیے برابر ہے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔سرکاری وسائل کے مؤثر اور دیانتدارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ سرکاری مشینری عوام کی خدمت کے لیے وقف رہے۔‘ ترجمان شاہد رند کے مطابق سرکاری وسائل کا غلط استعمال کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے اور یہ عمل شفاف حکمرانی و جوابدہی کی پالیسی کا حصہ ہے، جو موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔‘