بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔منگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا کہ سیریز میں گرین شرٹس کی قیادت سلمان آغا کریں گے جبکہ شاداب خان اور حارث رؤف ٹیم میں شامل نہیں۔بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی یہ سیریز 20 تا 24 جولائی میرپور اور ڈھاکہ کے سٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔پاکستان نے حال ہی میں بنگلہ دیش کی ٹی20 میچوں میں میزبانی کی تھی۔ مئی اور جون میں کھیلی گئی اس سیریز میں بنگلہ دیش کو تینوں میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔شاداب خان کی حال ہی میں کندھے کی سرجری کی گئی ہے اور وہ اس وقت بحالی یا ری ہیب کے پروگرام میں ہیں۔حارث رؤف کے حوالے سے پہلے ہی یہ اعلان کیا جا چکا ہے کہ وہ ہیمسٹرنگ کے مسئلے سے دوچار ہیں، جس کی وجہ سے وہ سان فرانسسکو یونیکورنز کے ایم ایل سی 2025 کے پلے آف میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ان کے علاوہ عرفان خان، حسن علی، محمد وسیم اور نسیم شاہ کو بھی ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے۔باہر رکھے گئے کھلاڑیوں کی جگہ شامل ہونے والے کچھ زیادہ تجربہ کار نہیں اور زیادہ تر نئے چہرے ہیں۔پاکستانی سکواڈ میں احمد دانیال اور سلمان مرزا کو شامل کیا گیا ہے۔ دونوں ابھی تک پاکستان کی جانب سے کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلے۔ دانیال میڈیم پیسر ہیں جبکہ مرزا بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ہیں۔ٹیم میں بائیں ہاتھ کے سپنر سفیان مقیم شامل ہیں جنہوں نے دس ٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ٹاپ آرڈر بیٹنگ میں حسن نواز ٹیم میں شامل ہیں جن کو ابھی صرف آٹھ میچز کھیلنے کا تجربہ ہے۔ عباس آفریدی قدرے تجربہ کار بولر ہیں جن کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ٹی20 ورلڈ کپ اگلے سال کے اوائل میں انڈیا اور سری لنکا میں شیڈولڈ ہے اور یہ سیریز پاکستانی ٹیم کو اس کی تیاری کے لیے ایک موقع کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔پاکستانی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حسین طلعت، خوشدل شاہ، عباس آفریدی، محمد حارث، محمد نواز، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب شامل ہیں۔