شوبز کی دنیا میں ابھرنے والی ایک اور چمکتی ہوئی شخصیت خاموشی سے رخصت ہو گئی۔ اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی موت نے کئی سوالات کو جنم دیا اور کئی چہروں پر افسردگی چھوڑ دی، یہاں تک کہ وہ چہرے بھی افسوس میں ڈوب گئے جن کے ساتھ اسکرین پر تلخیاں دیکھی گئیں۔
اداکارہ مائرہ خان، جن کے ساتھ حمیرا کا ریئلٹی شو تماشہ میں شدید اختلاف اور یادگار جھگڑے ہوئے تھے، اب ان کی وفات پر خاموش نہ رہ سکیں۔ انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے ایک مختصر لیکن دل کو چھو لینے والے پیغام میں مائرہ نے کہا:
"ہم ایک مختصر وقت کیلئے ایک دوسرے کی زندگی کا حصہ بنے، یہ وقت عجیب تھا لیکن میں نے تمہارے اندر ایک زندہ دل، سچی اور پیاری لڑکی کو محسوس کیا۔ تمہارے جانے کا سن کر دل دکھا ہے، اللہ تمہیں سکون دے۔"
لاہور سے تعلق رکھنے والی حمیرا اصغر نے 2013 میں ماڈلنگ کے میدان میں قدم رکھا اور چند سال بعد اداکاری کی طرف رخ کیا۔ انہوں نے کئی ڈراموں اور فلموں میں کام کیا، لیکن اصل پہچان انہیں 2022 کے ریئلٹی شو تماشہ سے ملی
تماشہ میں ان کا کسی کے ساتھ گہرا تعلق نہ بن سکا۔ زیادہ تر وقت وہ الگ تھلگ رہ کر گیم میں رہنے کی کوشش کرتی رہیں، لیکن ان کی دیگر کنٹیسٹنٹس سے لڑائیاں اس شو کا سب سے زیادہ یاد رکھا جانے والا حصہ بن گئیں۔
سب سے نمایاں جھگڑا مائرہ خان کے ساتھ تھا، جو شو کے 40ویں ایپی سوڈ میں دیکھنے کو ملا۔ کچن میں ہونے والی اس لڑائی نے نوبت دھکے اور ہاتھا پائی تک پہنچا دی۔ حمیرا کی انگلی مائرہ کے دانتوں میں آ گئی اور اس دوران مائرہ کا ایک نقلی دانت نیچے گر پڑا۔ وہ منہ چھپا کر خاموشی سے وہاں سے ہٹ گئیں، اور ناظرین یہ منظر کبھی نہ بھول سکے۔
حمیرا کی زندگی شوبز کی روایتی چمک دمک سے ہٹ کر دکھ، تنہائی اور جدوجہد کی کہانی بھی تھی۔ ان کی شہرت کا سفر ریئلٹی شو سے تو شروع ہوا، لیکن ان کے جانے کے بعد ان کی شخصیت کا دوسرا رُخ بھی سامنے آنے لگا. ایک ایسی لڑکی جو زندگی سے لڑ رہی تھی، جو خود کو منوانا چاہتی تھی.