انڈیا کی معروف کرپٹو ایکسچینج ’کوائن ڈی سی ایکس‘ کو ایک بڑے سائبر حملے کا سامنا کرنا پڑا ہے جس میں کمپنی کو تقریباً چار کروڑ 40 لاکھ ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ سائبر حملہ سنیچر کی صبح ہوا اور کمپنی کے ایک داخلی آپریشنل اکاؤنٹس کو نشانہ بنایا گیا تاہم ’کوائن ڈی سی ایکس‘ نے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ ان کی ذاتی رقوم مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ جس اکاؤنٹ کو ہیک کیا گیا وہ صرف ایک پارٹنر ایکسچینج پر لیکویڈیٹی آپریشنز کے لیے استعمال ہوتا تھا اور اس میں کسی بھی صارف کی رقم محفوظ نہیں کی گئی تھی۔
’کوائن ڈی سی ایکس‘ کے شریک بانی سمت گپتا نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ’یہ اکاؤنٹ ایک نہایت پیچیدہ سرور حملے کا نشانہ بنا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اس نقصان کو کمپنی کے خزانے سے مکمل طور پر پورا کیا جائے گا، کمپنی کی مالی حالت اتنی مضبوط ہے کہ اس نقصان کو برداشت کر سکے۔‘
Hi everyone,
At @CoinDCX, we have always believed in being transparent with our community, hence I am sharing this with you directly.
Today, one of our internal operational accounts - used only for liquidity provisioning on a partner exchange - was compromised due to a… pic.twitter.com/L1kZhjKAxQ
— Sumit Gupta (CoinDCX) (@smtgpt) July 19, 2025
حملے کا پتا چلتے ہی احتیاط کے طور پر کمپنی نے اپنا ویب تھری تجارتی پلیٹ فارم عارضی طور پر بند کر دیا تھا تاہم اب اسے دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔ مرکزی ایکسچینج پر عام تجارت اور انڈین کرنسی میں رقم نکالنے کا عمل مسلسل جاری رہا اور صارفین کو کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
سمت گپتا نے سرمایہ کاروں کو گھبراہٹ سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’گھبرائیں نہیں، اپنے کوائنز فروخت نہ کریں کیونکہ ایسے فیصلے اکثر نقصان دہ قیمتوں پر فروخت اور غیرضروری مالی خسارے کا باعث بنتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مارکیٹ کو سنبھلنے دیں، پُرسکون اور پُراعتماد رہیں۔‘
رپورٹ کے مطابق کمپنی کی داخلی سکیورٹی ٹیم اس وقت بین الاقوامی سائبر سییورٹی ماہرین کے ساتھ مل کر اس واقعے کی مکمل چھان بین کر رہی ہے، کمزوریوں کی نشاندہی کر کے انہیں ٹھیک کیا جا رہا ہے اور چوری شدہ کوائنز کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔