’استغاثہ جرم ثابت کرنے میں ناکام‘، ممبئی دھماکوں کے کیس میں سزا پانے والے 12 افراد بری

اردو نیوز  |  Jul 21, 2025

انڈیا کی عدالت نے ممبئی ٹرین بم دھماکوں کے کیس میں سزا پانے والے 12 افراد کو بری کرنے کا حکم دیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق 2015 میں ایک زیریں عدالت نے ان افراد کو مجرم ٹھہراتے ہوئے ان میں سے پانچ کو سزائے موت اور باقی کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

بریت کا یہ فیصلہ بم دھماکوں کے واقعے کے 19 سال بعد سامنے آیا ہے، 2006 میں ہونے والے کئی دھماکوں کے نتیجے میں 189 افراد ہلاک اور 800 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

بمبئی ہائی کورٹ کے بینچ میں شامل جسٹس انیل کیلور اور جسٹس شیام چندک نے ٹرائل کورٹ کے حکم کو منسوخ کرتے ہوئے کہا کہ استغاثہ ملزموں کے خلاف کیس ثابت کرنے میں ’مکمل طور پر ناکام‘ رہا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ’اس بات پر یقین کرنا بہت مشکل ہے کہ ملزموں نے یہ جرم کیا، اس لیے ان کی سزا کو ختم کیا جاتا ہے۔‘

عدالت کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا کہ اگر ملزم کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں ہیں تو ان کو جیل سے رہا کر دیا جائے۔

خیال رہے 11 جولائی 2006 کو ممبئی کے ریلوے سٹیشنز پر 11 منٹ کے دوران سات بم دھماکے ہوئے تھے اور ان کے لیے گھٹیا کوالٹی کے پریشر کُکر استعمال کیے گئے تاکہ نقصان زیادہ ہو۔

رپورٹ کے مطابق پہلا دھماکہ شام چھ بج کر 24 منٹ پر ہوا اور یہ رش کا وقت تھا کیونکہ لوگ کام کاج سے گھروں کو لوٹ رہے تھے جبکہ آخری دھماکہ چھ بج کر 35 منٹ پر ہوا۔

 بم چرچ گیٹ سے آنے والی ٹرینوں کی فرسٹ کلاس بوگیوں میں رکھے گئے تھے جو کہ ماٹونگا روڈ، ماہم جنکشن، باندرہ، کھار روڈ، جوگیشوری، بھیندر اور بوریوالی کے سٹیشنز کے قریب پھٹے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More