سرحد چیمبر کا پاک ملائیشیا باہمی تجارتی تعلقات بڑھانے کے لیے ویزا اجراء آسان بنانے پر زور

ہماری ویب  |  Jul 23, 2025

سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فضل مقیم خان نے پاک ملائیشیا اقتصادی و تجارتی تعلقات بڑھانے کے لیے کاروباری ویزہ کے اجر اء کے عمل کو آسان بنانے، تجارتی وفود کے تبادلے، ایک دوسرے کے پوٹینشل سے بھرپور طریقہ سے استفادہ حاصل کرنے سمیت سنگل کنٹری نمائش کے انعقاد پر زور دیا۔

پاکستان میں تعینات ملائیشیا ہائی کمشنر محمد اظہر بن مزلان نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ سفارتکار نے دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بزنس کمیونٹی کے مابین روابط کو بہتر انداز میں استوار کرنے اور دونوں جانب سے مشترکہ اقدامات کے ذریعے سہولیات کی فراہمی پر زور دیا ہے۔

پاکستان میں تعینات ملائیشیا ہائی کمشنر محمد اظہر بن مزلان نے ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکریٹری محمد زولسری بن روسدی کے ہمراہ گذشتہ روز سرحد چیمبر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر عبدالجلیل جان، نائب صدر شہریار خان، چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین سیف اللہ خان ودیگر موجود تھے۔

اس موقع پر ایک ملٹی میڈیا ڈاکومنٹری چلائی گئی جس میں مختلف شعبوں میں خیبر پختونخوا کی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ چیمبر کے قیام، اس کے مقاصد، تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے والی خدمات ودیگر اہم اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔

سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ خیبر پختونخوا غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے منافع بخش اور موزوں جگہ ہے، انہوں نے ملائیشیا کے تاجروں کو صوبے میں تیل، گیس، پن بجلی کی پیداوار، سیاحت اور دیگر اہم شعبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔

سرحد چیمبر کے صدر فضل مقیم خان نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں تیل، گیس، معدنیات، پن بجلی کی پیداوار، سیاحت، شہد، فارماسیوٹیکل ودیگر اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، انہوں نے ملائیشیا کے تاجروں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے سرمایہ کاری کرکے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

پاکستان میں تعینات ملائیشیا ہائی کمشنر محمد اظہر بن مزلان نے ملائیشیا میں متعدد شعبوں خصوصاً تیل، گیس، پام آئل میں دستیاب سرمایہ کاری کے وسیع مواقع کا ذکر کیا اور انھوں نے خیبر پختونخوا کے تاجروں سے کہا کہ وہ ان کے ملک میں موجود ممکنہ شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور استفادہ حاصل کریں۔

سفارتکار نے تسلیم کیا کہ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور باہمی تعاون کے ذریعے سرمایہ کاری کے ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

اظہر بن مزلان نے کہا کہ ان کا ملک غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے خصوصی مراعات پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائیشیا نے حلال فوڈ پراڈکٹس کے تعین کے لیے ایکو سسٹم متعارف کرایا ہے۔

ہائی کمشنر نے اس بات پر زور دیتے ہو ئے کہاکہ پاکستان اور ملائیشیا کے لیے یہ بہترین وقت ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے دونوں اطراف کی صلاحیتوں سے بھرپو ر استفادہ حاصل کریں۔

سفارت کار مزلان نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ اور ایک دوسرے کے تجربات سے بخوبی نبرد آزما ہونے پر بھی زور دیا ہے۔ ملائیشیا ہائی کمشنر محمد اظہر بن مزلان نے باہمی تجارت میں درپیش پیچیدگیوں اور تمام رکاوٹوں کو مشترکہ اقدامات کے ذریعے دور کرنے اور کاروباری برادری کو ویزوں کے بروقت اجراء کی یقین دہانی کرائی۔

انھوں نے خطاب کے آخر میں ملائیشیا-پاک دوستی زندہ باد کا نعرہ بلند کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More