موہت سوری کی رومانٹک ڈرامہ فلم ’سیارہ‘ توقعات کے برعکس باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہو رہی ہے اور ریلیز کے پہلے ہی ہفتے میں اس فلم نے 155.24 کروڑ روپے کا بزنس کر کے فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد کو حیران کر دیا ہے۔
روح کو چُھو لینے والی میوزک کے ساتھ اس فلم میں بڑے سُپر سٹارز کے بجائے ینگ ٹیلنٹ کو سامنے لایا گیا ہے۔
اس فلم کو موہت سوری نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
تقریباً دو دہائیوں میں 13 فلموں کی ہدایتکاری کرنے والے موہت سوری کی کسی دوسری فلم نے ماضی میں اس نوعیت کی کامیابی حاصل نہیں کی ہے۔
اس فلم نے اپنی ریلیز کے ابتدائی روز ہی 21.5 کروڑ روپے کمائے تھے جو کسی بھی ایسی فلم کے لیے بڑی بات ہے جس میں کوئی بڑا نام موجود نہیں ہے۔
فلم ’سیارہ‘ کو شائقین بالخصوص نوجوانوں کی جانب سے جو ردعمل مل رہا ہے، اس کا ناصرف انڈیا بلکہ پاکستان میں بھی خوب چرچا ہو رہا ہے اور اس حوالے سے بہت سی میمز بھی سوشل میڈیا پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
اداکار آہان پانڈے اور اداکارہ انیت پڈا کون ہیں؟
’سیارہ‘ سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والے آہان پانڈے کا موازنہ ریتک روشن سے کیا جا رہا ہے، جنھوں نے 25 سال قبل ریلیز ہونے والی سپر ہٹ فلم ’کہو نا پیار ہے‘ سے ڈیبیو کیا تھا۔
اسی طرح انیت پڈا اور آہان کی جوڑی سے بھی باکس آفس پر ریتک روشن اور امیشا کی جوڑی کی طرح ہلچل مچانے کی امید ہے۔
آہان پانڈے مشہور اداکار چنکی پانڈے کے بھائی چکی پانڈے اور فٹنس کوچ ڈیان پانڈے کے بیٹے ہیں۔ 27 سالہ آہان اداکاری میں آنے سے پہلے کچھ فلموں اور ویب سیریز میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کر چکے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ’سیارہ‘ کے پروڈیوسر آدتیہ چوپڑا نے ہدایتکار موہت سوری کو آہان کو فلم میں کاسٹ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔ ابتدا میں موہت سوری کو نہیں لگتا تھا کہ آہان مرکزی کردار کے لیے موزوں ہیں، لیکن کچھ وقت ایک ساتھ گزارنے کے بعد، انھوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس رومانوی کہانی کے لیے آہان ہی صحیح چہرہ ہے۔
جہاں تک اہان کے مقابل مرکزی کردار نبھانے والے انیت پڈا کا تعلق ہے، تو وہ دو سال قبل ریلیز ہونے والی ویب سیریز 'بگ گرلز ڈونٹ کرائی' میں اہم کردار ادا کر چکی ہیں، جس کے لیے ان کے کام کو خوب سراہا گیا تھا۔
امرتسر سے تعلق رکھنے والی انیت پڈا اداکاری میں آنے سے پہلے ماڈلنگ کرتی تھیں اور کئی اشتہاری فلموں میں بھی نظر آ چکی ہیں۔
مگر یہ فلم اتنی کامیاب کیوں ثابت ہو رہی ہے؟
فلم انڈسٹری کے ماہرین اور ناقدین نے فلم ’سیارہ‘ کی کامیابی کی کئی وجوہات بتائی ہیں۔
ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ایک اچھی طرح سے تیار کی گئی محبت کی کہانی ہے جس کی زبردست موسیقی، اور محدود پروموشن کے ساتھ ساتھ آہان پانڈے اور انیت پڈا جیسے نئے چہروں کو لانچ کرنے کی حکمت عملی نے اس فلم کو بڑی کامیابی دی ہے۔
تقریباً چار دہائیوں سے فلمی صحافت میں سرگرم سیینئر صحافی مینا ایئر نے ’سیارہ‘ کی کامیابی کو حیران کن قرار دیا ہے۔ انھوں نے خاص طور پر اس پہلو پر بات کی کہ جس طرح سے اس فلم کی ریلیز سے قبل اس کی تشہیر کی گئی۔
وہ کہتی ہیں کہ ’یش راج فلمز نے سیارہ کی تشہیر میں جو سب سے اہم کام کیا وہ یہ تھا کہ انھوں نے فلم کی ریلیز سے پہلے آہان اور انیت کو زیادہ بے نقاب نہیں کیا، نہ ہی انھیں میڈیا انٹرویوز میں سامنے لایا گیا اور نہ ہی انھیں شہر شہر تشہری تقریبات کے لیے بھیجا گیا۔ اس سے ناظرین میں ان کے بارے میں ایک راز اور جوش برقرار رہا، جو ریلیز کے وقت کارآمد ثابت ہوا۔‘
اس فلم کے ہدایتکار موہت سوری اس سے قبل ’ظہر‘، ’کلیوگ‘، ’آوارہ پن‘، ’مرڈر 2‘، ’عاشقی 2‘ اور ’ایک ولن‘ جیسی فلموں کی ہدایتکاری کر چکے ہیں۔ سوری کو رومانوی تھرلر فلموں میں ماہر سمجھا جاتا ہے۔ ان کی فلموں کی ایک بڑی خاصیت موسیقی رہی ہے، جو سامعین کے ذہنوں میں طویل عرصے تک چھائی رہتی ہے۔
’سیارہ‘ کا سپر ہٹ ٹائٹل ٹریک اور باقی گانے بھی فلم کی محبت کی کہانی کے جذباتی پہلوؤں کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ فی الحال اس فلم کے گانے اور موسیقی سب کے لبوں پر ہیں اور ناقدین کا خیال ہے کہ موسیقی نے اس فلم کی کامیابی میں بڑا کردار ادا کیا ہے۔
دل کو چھو لینے والی محبت کی کہانی
سینیئر فلم نقاد میانک شیکھر کا بھی ماننا ہے کہ ’سیارہ‘ کی کامیابی میں موسیقی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ 'نہ صرف فلم کا میوزک بہترین ہے بلکہ فلم کے تمام گانے بھی شاندار طریقے سے فلمائے گئے ہیں جو کہ بڑی تعداد میں شائقین کو تھیٹرز کی جانب راغب کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔'
میانک شیکھر کے مطابق، آہان پانڈے اور انیت پڈا جیسے نئے اداکاروں کی کاسٹنگ، ان کی اداکاری اور موہت سوری کی ہدایتکاری اس فلم کو کامیاب بنا رہی ہے۔
اُن کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ چند برسوں سے جذباتی اور محبت کی کہانیاں باکس آفس پر آنا تقریباً بند ہو گئی تھیں، یہی وجہ ہے کہ آج کی نسل کے ناظرین ’لیلیٰ مجنوں‘، ’یہ جوانی ہے دیوانی‘، ’صنم تیری قسم‘ جیسی تمام محبت کی کہانیوں کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں سینما گھروں میں جا رہے تھے۔‘
شیکھر نے مزید کہا کہ ’ایسے ماحول میں، جب نوجوان اداکاروں کے ساتھ ایک تازہ اور جذباتی محبت کی کہانی 'سیارہ' کی صورت میں سامنے آئی، تو اسے ناظرین نے فوراً قبول کر لیا۔ 'سیارہ' نے نوجوان سامعین میں محبت کی کہانیوں کی دیرینہ طلب کو صحیح وقت پر پورا کیا۔‘
یہ بات قابل ذکر ہے کہ ’سیارہ‘ نہ صرف ملٹی پلیکسز میں فلمیں دیکھنے آنے والے شائقین کو اپنی طرف متوجہ کر رہی ہے بلکہ ملک بھر کے ’بی‘ اور ’سی‘ سینٹرز میں بھی خوب کمائی کر رہی ہے اور سنگل سکرین شائقین بھی اس فلم کو کافی پسند کر رہے ہیں۔
مدھوبنی ضلع کے روپبانی سنیما ہال کے مالک وشیک چوہان نے کہا کہ ’سیارہ‘ فلم ’چھوا‘ کو پیچھے چھوڑ سکتی ہے جو اس سال کی سب سے کامیاب فلم رہی ہے۔
وشیک چوہان بھی فلمی نقاد میانک شیکھر سے اتفاق کرتے ہیں کہ نوجوان ناظرین ایک جذباتی محبت پر مبنی کہانی کا طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے، جسے 'سیارہ' نے پورا کر دیا۔
باکس آفس پر تقریباً 600 کروڑ کما کر تاریخ رقم کرنے والی فلم ’چھوا‘ کے بعد ’سیارہ‘ اس سال کی دوسری سب سے بڑی اوپننگ فلم بن گئی ہے۔
عینا آصف: ’تنقید برداشت کرنا بڑا چیلنج تھا، سوشل میڈیا پر اپنے بارے میں کچھ بُرا پڑھ لیتی تو رو پڑتی تھی‘2026 میں سدھو موسے والا کے لائیو کنسرٹ کا اعلان: گلوکار کی موت کے بعد یہ کیسے ممکن ہوگا؟ ’جب فلم سائن کی تب سب ٹھیک تھا‘: دلجیت کا ’سردار جی تھری‘ میں ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے پر موقف1100 روپے ادھار، ایک خواب اور فلم ’عاشقی‘ کے گانے جنھوں نے کلکتہ کے کیدار کو کمار سانو بنا دیا25 کروڑ روپے کے بجٹ سے بننے والی فلم ’لو گورو‘: ’ایک بار ولن کا رول کیا تھا مگر وہ فلم چلی نہیں اس لیے اب تک ہیرو آتا ہوں‘