خیبرپختونخوا میں 27 سے 31 جولائی تک موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری

ہماری ویب  |  Jul 26, 2025

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 27 جولائی سے 31 جولائی تک موسلادھار بارشوں، آندھی، گرج چمک اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر نیا مون سون الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران صوبے کے اکثر اضلاع میں وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا امکان ہے، ان اضلاع میں دیر، سوات، چترال، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، ڈی آئی خان، باجوڑ، مہمند، خیبر، وزیرستان، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، ہنگو اور کرم شامل ہیں۔

1

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث گلیات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، چترال، دیر، نوشہرہ، صوابی اور مردان کے برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور دریائے سوات، چترال اور پنچکوڑہ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو کر ممکنہ سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے، ریسکیو 1122 اور امدادی ٹیمیں مکمل الرٹ رہیں اور پیشگی اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔ حساس مقامات پر ٹریفک کنٹرول، ندی نالوں اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی فوری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ اربن فلڈنگ سے بچا جا سکے۔

مزید برآں کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ فصلوں کی جلد کٹائی مکمل کریں اور پیداوار کو محفوظ جگہوں پر ذخیرہ کریں۔ مویشی پال افراد کو جانوروں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے قومی و صوبائی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافروں کو محتاط رہنے اور متبادل راستے اپنانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ عوام سے اپیل کی ہے کہ آندھی، ژالہ باری یا گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر پناہ لیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More