بلوچستان ہائی کورٹ میں عدالتی اصلاحات کے تحت کرایہ داری اور وراثت کے مقدمات کے جلد اور مؤثر فیصلوں کو یقینی بنانے کے لیے دو الگ الگ خصوصی سول عدالتیں قائم کر دی گئی ہیں۔ چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان کی ہدایت پر یہ فیصلہ انصاف کی فوری فراہمی اور زیر التواء مقدمات کے بوجھ کو کم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس نے سول جج VIII کوئٹہ کو کرایہ داری کے تمام مقدمات کے لیے جبکہ سول جج VII کوئٹہ کو وراثتی مقدمات کے لیے مختص کر دیا ہے۔ ان ججز کے پاس موجود دیگر تمام مقدمات مجاز عدالتوں کو منتقل کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ صرف مخصوص نوعیت کے مقدمات پر توجہ دے سکیں۔
عدالت عالیہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق ان ججز کو اختیار حاصل ہوگا کہ دیگر عدالتوں میں زیر التواء کرایہ داری اور وراثتی کیسز بھی اپنی عدالت میں منتقل کر کے جلد از جلد فیصلے کر سکیں۔
یہ فیصلہ بلوچستان ہائی کورٹ کے اس وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد عدالتی نظام میں بہتری، شفافیت اور رفتار پیدا کرنا ہے۔ ماہرین قانون کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف مقدمات کی تعداد میں کمی آئے گی بلکہ سائلین کا عدالتی نظام پر اعتماد بھی بڑھے گا۔