’تم صرف ایک گراؤنڈز مین ہو، اس سے زیادہ کچھ نہیں‘: جب اوول میں گوتم گمبھیر گراؤنڈ سٹاف پر سیخ پا ہوئے

بی بی سی اردو  |  Jul 30, 2025

انڈیا اور انگلینڈ کی سیریز میں وقت کے ضیاع سے شروع ہونے والا تنازع، ’ہینڈ شیک ڈرامہ‘ کے بعد اب کوچ اور گراؤنڈ سٹاف کے درمیان تکرار تک جا پہنچا ہے اور ابھی اوول ٹیسٹ شروع ہونا باقی ہے۔

’تم ہمیں نہیں بتا سکتے کہ ہم نے کیا کرنا ہے، تم صرف ایک گراؤنڈز مین ہو، اس سے زیادہ کچھ بھی نہیں۔ تم صرف ایک گراؤنڈ مین ہو۔‘

گوتم گمبھیر کے یہ الفاظ دی اوول کرکٹ گراؤنڈ میں گونج رہے تھے، اور وہ انگلی اٹھا کر خاصے جارحانہ انداز میں سرے کے ہیڈ گراؤنڈزمین لی فورٹس سے بات کر رہے تھے۔

یہ واقعہ انگلینڈ کے خلاف جمعرات کو اوول میں ہونے والے پانچویں اور آخری ٹیسٹ سے قبل تربیتی سیشن کے دوران پیش آیا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

بعد میں ایک پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے، انڈیا کے بیٹنگ کوچ سیتانشو کوٹک جو اس واقعہ کے دوران موجود تھے، بتاتے ہیں کہ ٹیسٹ میچ سے قبل کوچز وکٹ کا معائنہ کر رہے تھے اور انھیں وہاں سے ہٹنے کے لیے کہا گیا۔

کوٹک نے کہا کہ ’جب ہم وکٹ پر کھڑے ہو کر اسے دیکھ رہے تھے تو گراؤنڈ سٹاف میں سے ایک شخص آیا اور کہا کہ یہاں سے ڈھائی میٹر دور کھڑے ہو جائیں۔ اپنے کرکٹ کیریئر میں میں نے کبھی کسی کو ایسی بات کرتے نہیں دیکھا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’اس نے کہا کہ آپ رسی (وکٹ کے اردگرد لگائی گئی رسی) کے باہر جا کر وکٹ دیکھ سکتے ہیں۔ میں نہیں جانتا کہ اس طرح وکٹ کا معائنہ کیسے کیا جا سکتا ہے۔‘

’اگر کوئی اپنے جوتوں پر برش مار رہا ہو، یا وکٹ میں کچھ ردوبدل کر رہا ہو، یا کوئی سپائکس پہن کر آیا ہو، اگر کیوریٹر ایسے میں کچھ کہتا ہے تو ٹھیک ہے، لیکن یہ کہنے کا طریقہ بہت عجیب تھا۔‘

کوٹک نے مزید کہا کہ ’کیوریٹرز پچ اور گراؤنڈ کے بارے میں کچھ زیادہ ہی حفاظتی یا مالکانہ رویہ رکھتے ہیں۔ انھیں یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ جن سے بات کر رہے ہیں وہ انتہائی ہنرمند اور ذہین لوگ ہیں۔ جب آپ بہت ذہین اور ہنرمند لوگوں کے ساتھ کام کر رہے ہوتے ہیں، اگر آپ تھوڑا سا مغرور رویہ اپناتے ہیں، تو آپ اسے محفوظ رکھنے کے بارے میں فکرمند ہو سکتے ہیں لیکن آخر کار یہ ایک کرکٹ پچ ہے، یہ کوئی 200 سال پرانی نوادرات نہیں کہ آپ اسے چھوئیں گے تو یہ ٹوٹ جائے گی۔‘

خیال رہے کہ کوئی مخصوص آؤٹ ڈور پریکٹس ایریا نہ ہونے کی وجہ سے انڈیا نے ٹیسٹ میچ کی پچ کے قریب معمول کے مطابق تین پریکٹس وکٹوں کا استعمال کیا جو نیٹس سے گھری ہوئی تھیں۔

بی بی سی سپورٹس نے سرے سے اس بارے میں وضاحت مانگی ہے لیکن کلب نے کوئی جواب دینے سے انکار کیا۔ انڈین خبررساں ادارے اے این آئی کی ایک ویڈیو میں لی فورٹس اس واقعہ کو نظر انداز کرتے دکھائی دیے۔ انھوں نے انڈین صحافیوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’اس بارے میں بات کرنے کے لیے میرے پاس کچھ نہیں ہے۔ یہاں چھپانے کے لیے کچھ نہیں ہے۔‘ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ یہ سوال انڈین کیمپ سے پوچھا جائے تو مناسب ہو گا۔

یہ دونوں ٹیموں کے درمیان گرم جوشی اور مقابلہ بازی سے بھرپور سیریز کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ اولڈ ٹریفرڈ میں چوتھے ٹیسٹ کا اختتام اس وقت تنازع کا شکار ہوا تھا جب میچ کے اختتام سے ایک گھنٹہ قبل رویندرا جڈیجا اور واشنگٹن سندر نے بین سٹوک کی ’ہینڈ شیک‘ کے ذریعے میچ ڈرا میں ختم کرنے کی پیشکش ٹھکراتے ہوئے اس پر اپنی سنچریاں مکمل کرنے کو ترجیح دی تھی۔

انڈین کپتان شبمن گل نے بھی کہا کہ تیسرے ٹیسٹ میں لارڈز میں انگلینڈ نے وقت ضائع کرنے کی حکمت عملی اپنا کر ’کرکٹ کی سپرٹ کی خلاف ورزی‘ کی ہے۔

ڈرامائی آخری اوور، تلخ کلامی اور وقت ضائع کرنے کے الزامات: ’اس ٹیسٹ میں ایکشن، ڈرامہ، تھیٹر اور ہر وہ چیز ہے جو آپ چاہتے ہیں‘وکٹوں کی جانب سرکتی گیند اور محمد سراج کا غم: پانچ روزہ صبر آزما کرکٹ کے بعد انگلینڈ 22 رنز سے فاتح’ریکارڈ‘ بنانے کے باوجود انڈیا کو انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ میں شکست: ’پہلی بار ایسا ہوا کہ کوئی ٹیم پانچ سنچریاں بنا کر بھی ہار گئی‘'دل دل شبھمن گِل‘: انگلش ٹیم انڈین کپتان کے رنز اور آکاش دیپ کی وکٹوں تلے دب گئی، ایجبیسٹن میں 337 رنز سے شکست

انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 سے برتری حاصل ہے اور بین سٹوکس کی ٹیم کو مانچسٹر کے ڈرا کے بعد ٹیم میں تبدیلیوں کی توقع ہے، خاص طور پر بولنگ لائن اپ میں کیونکہ اولڈ ٹریفرڈ اور اوول ٹیسٹ کے درمیان صرف تین دن کا وقفہ ہے۔

اسی طرح انڈین ٹیم اپنے دو اہم کھلاڑیوں جسپریت بمراہ اور رشبھ پنت کے بغیر اس میچ میں اُترے گی۔ پنت پاؤں کی ہڈی ٹوٹنے کے باعث اس سیریز سے باہر ہو گئے تھے اور بمراہ کا ورک لوڈ مینیج کرنے کے لیے انھیں اس سیریز میں تین ٹیسٹ کھلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جسے برقرار رکھا گیا ہے۔

Getty Images

بی بی سی کے نامہ نگار سٹیفن شیملٹ کے مطابق گوتم گمبھیر اور لی فورٹس دونوں مضبوط کردار ہیں اور وہ کسی بھی اختلاف کی صورت میں ایک انچ بھی پیچھے نہ ہٹنے والے کردار ہیں۔

ان کے مطابق ’یہ سیریز میں جذبات کے عروج پر پہنچنے کی ایک اور مثال ہے۔ پہلے لارڈز میں تناؤ، پھر اولڈ ٹریفرڈ میں ہینڈ شیک کا تنازع، اور اب یہ۔ یہ اعلیٰ سطح کا کھیل ہے جہاں نتائج اہمیت رکھتے ہیں اور اس میں شامل افراد کو اس کی بہت پرواہ ہے۔ یہ حیرت کی بات نہیں کہ ایسے میں کبھی کبھار چیزیں بے قابو ہو جاتی ہیں۔‘

’اوول کی پچ اب توجہ کا مرکز ہو گی۔ تاریخی طور پر یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں سپنرز کو بہت زیادہ مدد ملتی ہے لیکن حالیہ عرصے میں یہاں فاسٹ بولرز کارگر ثابت ہوئے ہیں۔‘

اس ویڈیو کا سوشل میڈیا پر وائرل ہونا تھا کہ انڈیا اور انگلینڈ دونوں سے ہی اس حوالے سے تنقید کے نشتر برسائے جانے لگے۔

انڈین مداحوں نے انگلش کوچ برینڈن مکلم اور لی فورٹس کی ایسی تصاویر شیئر کرنا شروع کر دیں جن میں وہ پچ پر ایک دوسرے سے گفتگو کرتے دکھائی دے رہے تھے۔ یہ واضح نہیں ہے کہ دونوں اسی پچ پر کھڑے تھے جس پر جمعرات کو پانچواں ٹیسٹ کھیلا جائے گا۔

سابق انڈین کرکٹر عرفان پٹھان نے لکھا کہ ’اگر انگلش کوچ پچ پر کھڑے ہو سکتے ہیں تو انڈین کھلاڑی اور کوچ کیوں نہیں؟‘

اُدھر گوتم گمبھیر پر تنقید کرنے والوں کو اُن کے اس جملے سے مسئلہ ہے جس میں وہ لی فورٹس سے کہہ رہے ہیں کہ’تم صرف ایک گراؤنڈز مین ہو اس سے زیادہ کچھ نہیں۔‘

ایک صارف روہت سنکر نے لکھا کہ ’اس جملے کا دفاع نہیں کیا جا سکتا ہے۔ اس سے طبقاتی اور اشرافیہ کی غرور کی بُو آتی ہے۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ دیسی رویے کا ایک بدصورت چہرہ ہے جو لوگوں کے ساتھ ان کے سماجی و معاشی درجے کے مطابق سلوک کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ انتہائی قابل اعتراض اور شرمناک ہے۔‘

وشیش رائے نامی صارف نے لکھا کہ ’گراؤنڈز مین بھی مغرور تھے لیکن گمبھیر نے انتہائی برے الفاظ کا چناؤ کیا۔‘

مانچسٹر ٹیسٹ کے اختتام پر ’ہینڈشیک ڈرامہ‘ اور پاکستانی مداح کی شرٹ کا تنازع: ’ایسا کس اصول کی بنیاد پر کیا گیا؟‘وکٹوں کی جانب سرکتی گیند اور محمد سراج کا غم: پانچ روزہ صبر آزما کرکٹ کے بعد انگلینڈ 22 رنز سے فاتحڈرامائی آخری اوور، تلخ کلامی اور وقت ضائع کرنے کے الزامات: ’اس ٹیسٹ میں ایکشن، ڈرامہ، تھیٹر اور ہر وہ چیز ہے جو آپ چاہتے ہیں‘’ریکارڈ‘ بنانے کے باوجود انڈیا کو انگلینڈ سے پہلے ٹیسٹ میں شکست: ’پہلی بار ایسا ہوا کہ کوئی ٹیم پانچ سنچریاں بنا کر بھی ہار گئی‘'دل دل شبھمن گِل‘: انگلش ٹیم انڈین کپتان کے رنز اور آکاش دیپ کی وکٹوں تلے دب گئی، ایجبیسٹن میں 337 رنز سے شکست’لیجنڈز‘ کا میچ منسوخ ہونے پر شاہد آفریدی کا جواب: ’ایک کھلاڑی کی وجہ سے ساری انڈین ٹیم مایوس ہوئی‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More