دوسرا ٹی20، ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی

اردو نیوز  |  Aug 03, 2025

دوسرے ٹی 20 میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو دو وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ جس کے بعد تین میچوں پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر ہو گئی ہے۔

میچ میں اس وقت انتہائی سنسنی خیز صورت حال پیدا ہوئی جب ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے تین رنز درکار تھے اور آخری بال تھی، تاہم جیسن ہولڈر اس پر چوکا لگانے میں کامیاب رہے۔

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے تھے۔

پاکستانی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے شروع ہونے والے میچ میں حسن نواز نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے تھے جبکہ کپتان سلمان آغا 38 اور فخر زمان نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کے بولر جیسن ہولڈر نے 19 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ گودا کیش موتی نے 39 رنز دے کر دو کھلاڑٰی آؤٹ کیے۔

ہدف کے تعاقب میں کوئی ویسٹ انڈین بلے باز زیادہ سکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ گودا کیش 28 اور کپتان شائی ہوپ نے 21 رنز بنائے جبکہ روسٹن چیز اور جیسن ہولڈر 16، 16 رنز بنا پائے۔

پاکستان کی جانب سے محمد نواز اور صائم نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کا پانسہ پلٹنے والے جیسن ہولڈر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا اور انعام وصول کرنے کے بعد گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ جیت میں اہم کردار ادا کرنے پر خوش ہیں۔

خیال رہے پچھلا ٹی 20 میچ پاکستان نے جیتا تھا اور اس کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل تھی تاہم دونوں ٹیموں کے پوائٹس برابر ہو گئے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More