کراچی: بلدیہ ٹاؤن میں ہوٹل پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، مقدمہ درج

ہماری ویب  |  Aug 04, 2025

کراچی میں بلدیہ ٹاؤن کے علاقے گلشن مزدور میں واقع ایک ہوٹل پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے جبکہ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق واردات اتوار اور پیر کی درمیانی شب 4 بج کر 27 منٹ پر پیش آئی۔ ایک مسلح ملزم ہوٹل میں داخل ہوا اور اندر بیٹھے افراد پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 25 سالہ وہاب ولد علی محمد اور 28 سالہ حبیب اللہ ولد سعد اللہ عمر شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر لوٹ مار کا کوئی ثبوت نہیں ملا، اور ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے آتے ہی فائرنگ کی اور فرار ہوتے ہوئے بھی ہوائی فائر کیا۔ ملزم کا ایک ساتھی موٹر سائیکل پر باہر موجود تھا، جو فرار میں مددگار بنا۔

مقتول حبیب اللہ کے کزن محمد اشرف کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ سعید آباد تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق حبیب اللہ چند روز قبل کوئٹہ سے کراچی آیا تھا اور گلشن مزدور میں واقع کوئٹہ ہوٹل میں رہائش پذیر تھا۔ محمد اشرف کے بیان کے مطابق صبح سویرے اسے اطلاع ملی کہ حبیب اللہ کا ایکسیڈنٹ ہوا ہے تاہم اسپتال پہنچنے پر معلوم ہوا کہ اسے فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کے درمیان کچھ عرصہ قبل جھگڑا بھی ہوا تھا جس پر جرگہ بھی ہوا تھا۔ واردات میں 30 بور کا پستول استعمال کیا گیا اور تمام ممکنہ پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس بیانات جمع کر رہی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More