بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ ڈیٹا سروس معطل ہے، ذرائع کے مطابق یہ معطلی 31 اگست 2025 تک جاری رہ سکتی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ممکنہ سکیورٹی خدشات اور امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاہم پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) یا متعلقہ سرکاری اداروں کی جانب سے تاحال کوئی باقاعدہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔
تاہم سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن گردش کررہا ہے جو محکمہ داخلہ بلوچستان کی طرف سے ہے، جس میں موبائل انٹرنیٹ سروس پورے بلوچستان میں 31 دسمبر 2025 تک بند رہنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں انٹرنیٹ بندش کی وجہ سکیورٹی وجوہات بتائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ موبائل انٹرنیٹ کی بندش کے باعث تعلیمی ادارے، آن لائن کاروبار، فری لانسنگ اور دیگر ڈیجیٹل سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے کارکنان نے انٹرنیٹ معطلی کو آزادی اظہارِ رائے اور معلومات تک رسائی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔