’جموں ریلوے سٹیشن کو دھماکے سے اڑانے‘ کا پیغام لے جانے والا کبوتر پکڑ لیا گیا

اردو نیوز  |  Aug 21, 2025

انڈین حکام نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ایک ایسا کبوتر پکڑا ہے جو جموں ریلوے سٹیشن کو دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی پر مبنی پیغام لے کر جا رہا تھا۔

ہندوستان ٹائمز نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ واقعہ ضلع جموں کے سرحدی علاقے آر ایس پورہ میں پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

ایک سینیئر پولیس افسر نے بتایا کہ ’یہ کبوتر جو مبینہ طور پر پاکستان کی جانب سے آ رہا تھا، 18 اگست کی رات تقریباً نو بجے بین الاقوامی سرحد کے قریب کٹماریا علاقے سے پکڑا گیا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’کبوتر کے پنجوں سے ایک پرچی بندھی ہوئی ملی، جس میں جموں ریلوے سٹیشن کو دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔‘

حکام کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ایک کبوتر کو اس نوعیت کے دھمکی آمیز پیغام کے ساتھ پکڑا گیا ہے۔ اس سے قبل بین الاقوامی سرحد کے قریب مختلف پیغامات کے ساتھ غبارے، جھنڈے اور کبوتروں کو پکڑا جا چکا ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق سکیورٹی ایجنسیاں اس بات کی تحقیقات کر رہی ہیں کہ آیا یہ محض شرارت تھی یا کسی منظم سازش کا حصہ ہے۔

کبوتر سے ملنے والی پرچی پر دھماکہ خیز مواد (آئی ای ڈی) کے ذریعے ریلوے سٹیشن کو تباہ کرنے کی دھمکی اردو اور انگریزی زبان میں درج تھی، جس میں ’کشمیر کی آزادی" اور "وقت آ گیا ہے‘ جیسے الفاظ شامل تھے۔

واقعے کے بعد جموں ریلوے سٹیشن اور ریلوے ٹریکس کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ ڈاگ سکواڈ اور بم ڈسپوزل ٹیمیں بھی تعینات کر دی گئی ہیں۔ مقامی پولیس کو بھی ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کبوتر ممکنہ طور پر خاص تربیت یافتہ تھا اور اسے سرحد پار سے دھمکی آمیز پیغام کے ساتھ چھوڑا گیا تھا۔ ایک سکیورٹی ماہر نے کہا کہ ایسے معاملات کو سنجیدگی سے لینا ضروری ہے۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More