خیبر پختونخوا میں 15 اگست سے اب تک بارشوں میں کتنا جانی ومالی نقصان ہوا، رپورٹ آگئی

ہماری ویب  |  Aug 24, 2025

پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے 15 اگست سے اب تک بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

صوبہ میں ہونے والی بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف حادثات میں اب تک 406 افراد جاں بحق جبکہ 247 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 305 مرد، 55 خواتین اور 46 بچے جبکہ زخمیوں میں 179 مرد، 38 خواتین اور 30 بچے شامل ہیں۔

ڈی آئی خان میں رات ہونے والی بارش کے باعث گھروں کی چھتیں گرنے سے اب تک کی رپورٹ کے مطابق 8 افراد جاں بحق اور 48 زخمی ہوئے۔

بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث اب تک کی رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر 3526 گھر وں کو نقصان پہنچا۔ جس میں 2945 گھر جزوی اور 577 گھر مکمل منہدم ہوئے۔

سیلاب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر میں اب تک مجموعی طور پر جاں بحق افراد کی تعداد 337 اور صوابی میں 46 ہوگئی۔ یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر اور بٹگرام، ڈی آئی خان اور صوابی میں پیش آئے۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق تمام متعلقہ ادارے آپس میں رابطے میں ہیں اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے۔ عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع، موسمی صورتحال سے آگاہی اور معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More