ارب پتی بھارتی صنعتکار امبانی کا بھائی کتنی مالیت کے بینک فراڈ میں ملوث؟

ہماری ویب  |  Aug 24, 2025

بھارت کے ارب پتی اور بڑی کاروباری شخصیت مکیش امبانی کے بھائی انیل امبانی کے خلاف بینک فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

معروف صنعتکار، ریلائنس گروپ کے چیئرمین مکیش امبانی کے بھائی انیل امبانی کے خلاف بھارت کی وفاقی تفتیشی ایجنسی نے بینک فراڈ کے سنگین الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تفتیشی ایجنسی کی جانب سے یہ کارروائی اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی جانب سے دھوکہ دہی کی شکایت موصول ہونے کے بعد کی گئی۔

اسٹیٹ بینک آف انڈیا کا دعویٰ ہے کہ انیل امبانی کی دھوکہ دہی کے نتیجے میں اسے تقریباً 29 ارب بھارتی روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے مطابق بینک کی شکایت پر انیل امبانی سے مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔

دوسری جانب امبانی کے ترجمان نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ مقدمے میں اپنا بھرپور دفاع کریں گے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 3 ہزار کروڑ روپے کے مبینہ قرض فراڈ اور منی لانڈرنگ کیس میں ایک لک آؤٹ سرکلر جاری کیا تھا جس کے تحت انیل امبانی عدالت کی اجازت کے بغیر بیرون ملک سفر نہیں کرسکتے۔

ای ڈی نے ممبئی سمیت دیگر شہروں میں ریلائنس گروپ کے 35 سے زائد متعدد دفاتر اور اہم مقامات پر چھاپے مارنے کے بعد انیل امبانی کو بھی 5 اگست کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More