راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی میں طالبہ سے زیادتی کے الزام میں پولیس نے اکیڈمی کے پرنسپل کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اکیڈمی کے پرنسپل کو گرفتار کرلیا، جس پر طالبہ سے زیادتی کا الزام ہے۔ پولیس کے مطابق زیر حراست شخص نے متاثرہ طالبہ کو شادی کا جھانسہ دے کر زیادتی کی۔
پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر مقدمہ درج کیا اور میڈیکل پراسیس کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ شواہد کو قانونی شکل دی جاسکے۔
ایس پی راول، سعد ارشد کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں اور چالان عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور بچوں سے زیادتی، تشدد یا ہراسمنٹ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، ایسے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان راولپنڈی پولیس نے کہا کہ شہری ایسے واقعات کی اطلاع بلا جھجک پولیس کو دیں تاکہ فوری کارروائی کی جاسکے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔