خیبر پختونخوا حکومت نے کہا ہے کہ یکم جنوری سے احساس ای پنشن نظام نافذ کردیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ سیکریٹریٹ نے محکمہ خزانہ کو تمام انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے احساس ای پنشن سسٹم کے اجرا کی منظوری دے دی۔ ای پنشن سسٹم یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوگا جس کے بعد پنشن کی ادائیگی ای پنشن سسٹم کے تحت کی جائے گی اور موجودہ پنشن نظام کو مکمل پیپر لیس سسٹم میں تبدیل کردیا جائے گا جب کہ احساس پنشن ڈیش بورڈ کا اجرا بھی کیا جائے گا۔
ریٹائرمنٹ سے 6 ماہ قبل پورٹل پر سادہ ڈیجیٹل فارم پر کر کے پنشن کیس داخل کیا جاسکے گا، دستاویزات محفوظ طریقے سے اسکین کر کے پورٹل پر اپ لوڈ کی جاسکیں گی جس کے بعد سسٹم خودکار طریقے سے متعلقہ حکام کے لیے ٹائم بانڈ ٹاسک سے تخلیق کردے گا۔
پنشن ویری فکیشن اور منظوری کا عمل بھی ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، تمام آرڈرز ڈیجیٹل دستخط شدہ ہوں گے جو قانونی طور پر قابل قبول ہوں گے، یہ پیپر لیس نظام نادرا، اے جی آفس اور بینکس کے ساتھ منسلک ہوگا۔
ای پینشن نظام سے مقررہ وقت میں پنشن ریٹائرڈ ملازم کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردی جائے گی۔ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں اب تک 36 مختلف عوامی خدمات کو آن لائن کردیا ہے۔