چناب اور ستلج میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب، جلالپور پیروالا سمیت درجنوں دیہات زیر آب

ہماری ویب  |  Sep 08, 2025

پنجاب بھر میں دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے کے باعث کئی اضلاع میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ دریائے چناب میں ہیڈ پنجند پر پانی کی آمد و اخراج 6 لاکھ 9 ہزار 669 کیوسک جبکہ ہیڈ تریموں پر بہاؤ 5 لاکھ 43 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

جلالپور پیروالا میں مقامی بندوں میں شگاف پڑنے کے بعد متعدد آبادیاں زیرآب آگئیں اور علاقہ مکین گھروں کی چھتوں پر پناہ لیے ہوئے ہیں ، موضع شاہ رسول اور بیٹ واہی کے زمیندارا بند ٹوٹ گئے اور بہادرپور میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔ انتظامیہ نے علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی اور شہر خالی کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ متاثرین کے انخلا کے لیے 5 ڈرون اور 50 کشتیاں ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔

جھنگ میں دریائے چناب کا دوسرا ریلا داخل ہونے سے 300 سے زائد دیہات متاثر اور تقریباً 2 لاکھ 81 ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ مظفرگڑھ کے عظمت پور میں بند ٹوٹنے سے بھی کئی بستیاں زیر آب آگئیں۔

دریائے ستلج میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 19 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ بہاولپور کے ناردرن بائی پاس کے قریب پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔ ہیڈ سلیمانکی پر اونچے اور ہیڈ اسلام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا۔

دریائے راوی میں بھی پانی کی سطح بلند ہورہی ہے۔ ہیڈ بلوکی پر بہاؤ ایک لاکھ 39 ہزار اور ہیڈ سدھنائی پر ایک لاکھ 23 ہزار کیوسک تک جا پہنچا۔

دوسری جانب سندھ میں گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ کیوسک سے تجاوز کر گیا۔ راجن پور کے کچے کے علاقے تیزی سے زیر آب آرہے ہیں اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More