امریکن ایئرلائنز کی ایک پرواز میں معمولی جملہ ایک بڑی مشکل میں بدل گیا۔ کوسٹاریکا سے ڈیلاس روانہ ہونے والی فلائٹ میں ایک خاتون مسافر نے دورانِ ہدایت فلائٹ اٹینڈنٹ کو اچانک ’شٹ اپ‘ کہہ دیا، اور یہی لمحہ اس کے لیے وبالِ جان بن گیا۔
ویڈیو میں صاف دیکھا جا سکتا ہے کہ اٹینڈنٹ پرسکون لہجے میں انٹرکام کے ذریعے حفاظتی اقدامات سمجھا رہی تھیں۔ اسی دوران مسافر نے ان کی بات کاٹ کر کہا کہ انہیں خاموش رہنا چاہیے۔ اس جملے نے نہ صرف باقی مسافروں کو حیرت میں ڈال دیا بلکہ ماحول بھی کشیدہ کر دیا۔
فلائٹ اٹینڈنٹ نے اس رویے پر براہِ راست جواب دیا اور خاتون سے پوچھا کہ کیا وہ طیارے سے اترنا پسند کریں گی؟ صورتحال بگڑنے پر مسافر نے الٹا دھمکی دی کہ وہ پائلٹ سے کہے گی کہ اٹینڈنٹ کو ہٹا دیا جائے کیونکہ وہ اس کی بات نہیں مان رہیں۔ معاملہ آگے بڑھا اور بالآخر خاتون کو جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا۔
یہ مناظر جب سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے تو زیادہ تر صارفین نے فلائٹ اٹینڈنٹ کے تحمل اور پروفیشنل انداز کو سراہا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ عملے نے بہترین طریقے سے ہنگامہ سنبھالا اور باقی مسافروں کے سفر کو محفوظ بنایا۔