سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مہم کے خلاف کریک ڈاؤن، 356 مقدمات درج، 789 انکوائریز

ہماری ویب  |  Sep 13, 2025

وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف مہمات کے خلاف کارروائی مزید تیز کر دی ہے۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اس آپریشن میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک 356 ایف آئی آر درج کیے جا چکے ہیں جبکہ مختلف افرادکے خلاف 789 انکوائریز جاری ہیں۔

حکام کے مطابق حالیہ معرکۂ حق مہم کے دوران سوشل میڈیا پر فوج مخالف پوسٹس سامنے آنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے 52 مقدمات درج کیے گئے۔

مزید برآں 9 مئی 2025 کے واقعات کی تحقیقات میں بھی نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پولیس کے ساتھ مل کر مشتبہ افراد کے ڈیجیٹل ریکارڈز کا تجزیہ کیا جس کی بنیاد پر لاہور، سرگودھا اور میانوالی سمیت مختلف شہروں میں کئی ملزمان کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیمیں بنائی گئی ہیں اور این سی سی آئی اے اور پی ٹی اے کی مدد سے ریاست مخالف مواد ہٹانے اور اکاؤنٹس بلاک کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔

این سی سی آئی اے کا اوپن سورس انٹیلی جنس یونٹ 24 گھنٹے سوشل میڈیا کی نگرانی کر رہا ہے تاکہ پروپیگنڈا رجحانات کی بروقت نشاندہی اور کارروائی کی جا سکے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات قومی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے اور ریاستی اداروں کو ڈیجیٹل میدان میں بڑھتی ہوئی گمراہ کن مہمات سے محفوظ بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More