چھوٹا جنازہ ہی سب سے بھاری ہوتا ہے.. ننھے عمر شاہ کی تدفین ! بڑی تعداد میں مداحوں کی شرکت

ہماری ویب  |  Sep 15, 2025

ننھے عمر شاہ، جو نجی رمضان ٹرانسمیشن "شانِ رمضان" کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی میڈیا کی معروف شخصیت تھے، اچانک دنیا سے رخصت ہوگئے۔ عمر شاہ نے پہلی بار 2020 میں ٹی وی پر جلوہ گر ہوکر ناظرین کے دل جیتے اور پھر ہر سال رمضان کی نشریات کا باقاعدہ حصہ بن گئے۔ ان کی معصومیت، معصوم ہنسی اور موٹاپے بھری معصوم صورت نے انہیں سب کا پسندیدہ بنا دیا تھا۔ شائقین نہ صرف ان کی موجودگی کو پسند کرتے تھے بلکہ ان کی دوستی دیگر بچوں جیسے شیراز، مسکان اور اپنے بڑے بھائی احمد شاہ کے ساتھ بھی شوق سے دیکھتے تھے۔ کئی اداکار بھی ان کی معصوم شکل و صورت کے مداح تھے۔

آج عمر شاہ کے اچانک انتقال کی خبر نے پورے ملک کو غمزدہ کردیا۔ مشہور اینکر وسیم بادامی نے بتایا کہ عمر شاہ کو فوڈ پوائزننگ کے باعث قے آئی، جس کا کچھ حصہ پھیپھڑوں میں چلا گیا اور انہیں سانس لینے میں دشواری ہوئی۔ اس کیفیت کی وجہ سے دل کا دورہ کارڈیک اریسٹ پڑا جس سے ان کی جان نہ بچائی جا سکی۔

عمر شاہ کو ڈیرہ اسماعیل خان میں سپردِ خاک کیا گیا، جہاں قریبی رشتہ داروں نے غم کی حالت میں ننھے فرشتے کو آخری الوداع کہا۔ نجی چینل نے جنازے کی کوریج کی تاکہ احمد شاہ اور عمر شاہ کے مداح ان کی تدفین کی جھلک دیکھ سکیں۔

عمر شاہ کے انتقال پر پورا پاکستان رنجیدہ ہے۔ سوشل میڈیا پر لوگ ان کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کر رہے ہیں۔ کئی افراد نے والدین سے اپیل کی ہے کہ اپنے بچوں کو حد سے زیادہ میڈیا کی نمائش سے دور رکھیں کیونکہ ان کا ماننا ہے کہ معصوم بچے نظرِ بد کا شکار ہوسکتے ہیں۔

یہ ننھا ستارہ، جس نے اپنے ننھے سے سفر میں لاکھوں دل جیت لیے، سب کو روتا چھوڑ کر ہمیشہ کے لیے رخصت ہوگیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More