سیلاب متاثرین کے لئے لوگ کیا خراب چیزیں بھیج رہے ہیں؟ حدیقہ کیانی کی ویڈیو پر بشریٰ انصاری بھی بول پڑیں

ہماری ویب  |  Sep 19, 2025

"اگر کسی کے لیے نیکی کرنی ہے تو براہ کرم اپنے گھروں کا کچرا اٹھا کر نہ دیں، یہ نیکی نہیں بلکہ گناہ ہے جو آپ کے کھاتے میں جائے گا" بشریٰ انصاری

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر فنکارہ بشریٰ انصاری نے حال ہی میں ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے عوام کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ایسا سخت مگر سچ پر مبنی بیان دیا جس نے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی۔ وہ حدیقہ کیانی کی سیلاب متاثرین کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہتے ہوئے ساتھ ہی اُن لوگوں پر برہم نظر آئیں جو امداد کے نام پر غیر ذمہ دار رویہ اختیار کرتے ہیں۔

بشریٰ انصاری نے اپنے پیغام میں گلوکارہ حدیقہ کیانی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ متاثرین کے ساتھ کھڑی ہیں، اپنا وقت اور توانائی لگا رہی ہیں، یہ کوئی آسان بات نہیں لیکن اس کے لیے دل میں درد ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ حدیقہ کیانی کی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ سیلاب زدہ خاندانوں کے لیے کپڑوں کا عطیہ کیا گیا، مگر افسوس اس میں ایسے پرانے، گندے اور پھٹے کپڑے اور جوتے بھی شامل تھے جنہیں دینا دراصل مدد نہیں بلکہ تذلیل کے مترادف ہے۔

بشریٰ انصاری کا دوٹوک پیغام یہ تھا کہ خیرات کا مطلب یہ نہیں کہ اپنے گھر کے بیکار اور ناقابلِ استعمال سامان سے جان چھڑالی جائے۔ اگر کسی ضرورت مند کی مدد کرنی ہے تو عزت اور خلوص کے ساتھ کریں، ورنہ یہ عمل نیکی کے بجائے گناہ کے زمرے میں آئے گا۔

ان کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جہاں لوگوں نے بھی اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ ضرورت مندوں کی مدد ان کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے کرنی چاہیے۔ دوسری جانب حدیقہ کیانی بدستور سیلاب متاثرین کے لیے سرگرمِ عمل ہیں اور عملی طور پر اُن کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More