اسرائیل نے غزہ امن منصوبے کی حمایت کر دی ہے: صدر ٹرمپ

اردو نیوز  |  Sep 30, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر کے روز کہا کہ وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے ان کی غزہ امن منصوبے کی حمایت کر دی ہے، جس کے تحت  غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے گی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ منصوبہ، جسے ٹرمپ نے کئی عرب رہنماؤں کے ساتھ بھی شیئر کیا تھا، واشنگٹن میں نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد جاری کیا گیا۔

صدر ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ نیتن یاہو نے اس منصوبے سے اتفاق کر لیا ہے، جس میں پہلے فوری جنگ بندی، اس کے بعد حماس کو غیر مسلح کرنے اور اسرائیلی افواج کے انخلا کی شقیں شامل ہیں۔

اگرچہ حماس نے تاحال اس منصوبے پر رضامندی ظاہر نہیں کی، لیکن ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ عسکریت پسند گروپ اس منصوبے کی حمایت کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’تمام فریقین کی منظوری حاصل ہونا ’انتہائی قریب‘ ہے۔‘

20  نکاتی منصوبے میں کہا گیا ہے کہ اگر دونوں فریقین معاہدہ کر لیں، تو جنگ فوراً ختم ہو جائے گی اور اسرائیلی انخلا حماس کے قبضے میں موجود آخری یرغمالی کی رہائی کے ساتھ مشروط ہوگا۔ اس ابتدائی مرحلے کے دوران مکمل جنگ بندی ہو گی۔

قبل ازیں اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامن نیتن یاہو نے پیر کے روز ایک ٹیلی فونک گفتگو میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں اسرائیلی حملے پر قطر کے امیر سے اظہار افسوس کیا تھا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق  یہ گفتگو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، نیتن یاہو اور امیرِ قطر کے درمیان سہ  فریقی کال کے دوران ہوئی جس کی وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق، نیتن یاہو نے قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی پر بھی افسوس کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ اسرائیل مستقبل میں ایسا حملہ دوبارہ نہیں کرے گا۔

صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اقوامِ متحدہ میں کئی اہم عرب رہنماؤں سے ملاقات کی تھی، اور اتوار کے روز سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ ’سب پہلی بار کسی خاص چیز کے لیے متفق ہیں۔‘

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے پیر کے روز فاکس نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ’ایک اچھے اور متوازن معاہدے کے لیے دونوں فریقین کو کچھ نہ کچھ قربانی دینا ہوگی، اور ممکن ہے کہ وہ تھوڑے ناخوش ہو کر میز سے اٹھیں۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More