فلپائن میں 6.9 شدت کا خوفناک زلزلہ۔۔ ویڈیو مناظر نے دل دہلا دیے

ہماری ویب  |  Oct 01, 2025

فلپائن کے وسطی ساحلی علاقے ایک ہولناک زلزلے سے لرز اٹھے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق 6.9 شدت کے اس زلزلے نے درجنوں زندگیاں نگل لیں اور سیکڑوں افراد کو زخمی کر دیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق مختلف حادثات میں کم از کم 69 افراد جاں بحق اور 150 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ رات 10 بجے آیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی جبکہ مرکز شہر بوگو کے شمال مشرق میں 17 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس نے خوف میں مزید اضافہ کیا اور لوگ گھبرا کر اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔

شدید جھٹکوں کے باعث کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ ایک اسپورٹس کمپلیکس اس وقت گر گیا جب وہاں باسکٹ بال میچ جاری تھا، جبکہ گرجا گھروں، پلوں اور سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ بعض علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام متاثر ہونے کے باعث ریسکیو کارروائیاں سست روی کا شکار ہیں۔

سیبو میں حکام نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اسکولز اور سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں بھاری مشینری روانہ کر دی گئی ہے تاکہ ملبے تلے دبے لوگوں کو نکالا جا سکے۔ ریسکیو اداروں نے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے مطابق متاثرہ آبادی کو پانی، ادویات اور بنیادی ضرورت کا سامان پہنچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ امدادی سرگرمیوں میں رکاوٹیں کم کی جا سکیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More