راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خضدار، بلوچستان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا جس کے دوران بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے چار دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق دہشت گرد علاقے سے بھاگنے کے لیے عورتوں کا لباس پہن کر بھیس بدلنے کی کوشش کر رہے تھے تاہم فورسز نے انہیں بروقت کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا۔ آپریشن میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔ علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس و سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔